ڈرون حملوں کیخلاف پارلیمنٹ کی متفقہ قراردادیں کیا اتفاق رائے نہیں عمران خان

حکومت وکٹ کی دونوں طرف کھیل رہی ہے، امریکاکو کہتے ہیں حملے جاری رکھو، عوام کو رکوانے کا تاثر دیا جاتا ہے

مجھے حکمرانوں کی دوغلی پالیسی سمجھ نہیں آ رہی، ان سے یہی کہوں گا اپنی عوام سے سچ بولیں،میڈیا سے گفتگو فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے حوالے سے موجودہ حکومت کی دوغلی پالیسی ہے۔

ایک طرف امریکا کو کہتے ہیں کہ ڈرون حملے جاری رکھو جبکہ دوسری طرف عوام کو یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ ہم ڈرون حملے رکوانا چاہتے ہیں۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک کے سسر کی رسم قل میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وکٹ کی دونوں طرف کھیل رہی ہے، ڈرون حملوں کیخلاف پارلیمنٹ میں متفقہ قراردادیں منظور ہوئی ہیں، حکومت کو عوام کے ساتھ سچ بولنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی اسمبلی سے ڈرون حملوں کیخلاف تمام جماعتوں کی حمایت سے متفقہ قرارداد منظور ہو چکی ہے اس لیے کسی نئی اے پی سی کی ضرورت نہیں۔




این این آئی کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں کیخلاف جو موقف اپنایا تھا اس پر آج بھی قائم ہیں لیکن کچھ لوگوں نے ڈالروں اور امریکی خوف سے اپنا موقف بدل لیا ہے، حکمران کس اتفاق رائے کی بات کرتے ہیں، کیا خیبرپختونخوا اسمبلی میں متفقہ منظور کی جانیوالی قرارداد اتفاق رائے نہیں' آل پارٹیز کانفرنس میں کیا تمام جماعتیں اکٹھی نہیں تھیں، مجھے حکمرانوں کی دوغلی پالیسی سمجھ نہیں آ رہی ان سے یہی کہوں گا کہ اپنے عوام سے سچ بولیں، حکمران ڈرون حملوں کے حوالے سے امریکیوں سے ملاقات میں کچھ اور جبکہ اپنی عوام کے سامنے دوسرا موقف اپناتے ہیں، حکمران وکٹ کی دونوں طرف کھیلنا چھوڑیں اور عوام سے سچ بولیں۔
Load Next Story