تھری جی نیلامی فروری میں ہوگی چیئرمین پی ٹی اے

افغانستان کی موبائل سمز کا پاکستان میں غلط استعمال روکنے کیلیے متعلقہ اتھارٹیز سے رابطہ کرلیا

رومنگ بند نہیں ہونی چاہیے مگر فیصلہ وفاقی حکومت کریگی، گرے ٹریفک سے نمٹنے کیلیے ٹیرف اصلاحات ضروری ہیں، اسماعیل شاہ فوٹو: فائل

پاکستان بین الاقوامی معاہدوں کے تحت دیگر ملکوں کو رومنگ کی سہولت فراہم کرنے کا پابند ہے، افغانستان کی موبائل فون سمز کے پاکستان میں غلط استعمال کی روک تھام کیلیے افغان اتھارٹیز سے رابطہ کر لیا گیا ہے، نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی (تھری جی اسپیکٹرم) کی نیلامی فروری 2014 میں عمل میں لائی جائیگی۔

کراچی میں پہلے بائیومیٹرک سسٹم کی تنصیب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ نے بتایا کہ پاکستان میں رومنگ پر چلنے والی غیرملکی سمز کے استعمال کا تمام ڈیٹا موجود ہے، ٹیلی کام کمپنیوں کی مدد سے افغانستان سمیت کسی بھی ملک کی سم کے پاکستان میں غلط استعمال کی روک تھام کی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان کی ٹیلی کام ریگولیٹر اتھارٹی سے رابطہ کیا جا چکا ہے اور آئندہ ہفتے افغان ریگولیٹری حکام پاکستان کا دورہ کریں گے۔




انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں ٹیلی کام انڈسٹری کا ڈیٹا اتنا منظم نہیں تاہم ان سے پاکستان میں استعمال کی جانے والی سمز کا ڈیٹا حاصل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ رومنگ بین الاقوامی سہولت ہے اس بارے میں کوئی فیصلہ وفاقی حکومت کریگی تاہم میری رائے میں یہ فیصلہ نہیں کیا جانا چاہیے اگر رومنگ بند کربھی دی جائے تو جرائم پیشہ عناصر اپنے مقاصد کیلیے دیگر متبادل ذرائع اختیار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرے ٹریفک روکنے کیلیے تادیبی کارروائیوں کے ساتھ ٹیرف اصلاحات بھی ضروری ہیں، یوٹیوب پر پابندی ختم کرنے سے قبل سوسائٹی کے مزاج کو سمجھنا ہوگا۔
Load Next Story