خواتین کو بااختیار بنانے سے غربت کم ہوگی مائیکرو فنانس فورم

غربت بڑا چیلنج ہے، احسن اقبال، غالب نشتر، کامران اعظم، انور رشید ودیگر کا خطاب

غربت بڑا چیلنج ہے، احسن اقبال، غالب نشتر، کامران اعظم، انور رشید ودیگر کا خطاب۔ فوٹو: فائل

شیمراک کانفرنسزانٹرنیشنل کے تحت 7ویں پاکستان مائیکرو فنانس کنٹری فورم میں شریک ماہرین نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ پاکستان میں زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی اور انتہائی غریب خواتین کو بااختیار بنانے سے غربت کی سطح کوکم کیا جاسکتا ہے۔

فورم کا موضوع''غربت کے خاتمے اور مالیات تک رسائی کے درمیان توازن کے قیام'' رکھا گیا تھا جو دوانٹرایکٹو سیشن ''غربت میں کمی، ایک قابل حصول مقصد'' اور ''مالیات تک رسائی، ٹیکنالوجی ایٹ ہینڈ'' پر مشتمل تھا۔ فورم کے مہمان خصوصی وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات پروفیسر ڈاکٹر احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لیے غربت ایک بڑا اور سنگین چیلنج بن گیا ہے، پاکستان میں غربت کی جڑیں زیادہ گہری نہیں اس کے خاتمے کیلیے بامعنی مداخلت کی ضرورت ہے، مائیکروفنانس نقد لین دین کے کاروبارسے متعلق نہیں بلکہ یہ مہارت کوترقی دیتا ہے۔

انہوں نے وفود پر زور دیا کہ وہ غربت میں کمی، صنفی مساوات، غربت کی سطح کے انقطاع، نوجوانوں پرتوجہ اور دیگر سوشل آڈیٹنگ کے ازالے کیلیے آگے بڑھیں اوراس کیلیے لائحہ عمل تجویزکریں۔ خوشحالی بینک لمیٹڈ کے صدر اورسی ای اوغالب نشتر نے کہا ہے کہ اگرچہ پاکستان میں مائیکروفنانس کی ٹھوس بنیادیں موجود ہیں تاہم اس حوالے سے چیلنجزقابل رسائی ہیں۔




کشف فاؤنڈیشن کے کامران اعظم نے بزنس کیس کے طور پر خواتین پرسرمایہ کاری اور کم آمدنی والے خاندانوں کے مسائل کے حل پر زور دیا۔ اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کے انوررشید نے بنیادی سطح پرحقیقی ترقی کیلیے غریب نواز پالیسیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک غریب نہیں بلکہ یہاں کے لوگ غریب ہیں۔

قبل ازیں ساتویں پاکستان مائیکرو فنانس کنٹری فورم کے چیئرمین مینن روڈ ریگیئس نے اجلاس میں وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال فورم کا موضوع اس طرح ڈیزائن کیا گیا تھاکہ غربت کو کم کرنے اوردوسری جانب ٹیکنالوجی کی طاقت کو تسلیم کرنے کے مقصد کو حاصل کیا جاسکے۔ فورم میں ریگولیٹری اداروں، مائیکرو فنانس بینکوں اور مالیاتی اداروں کے نمائندوں، ترقیاتی ماہرین، ماہرین اقتصادیات، دانشور، ڈونر ایجنسیوں، دیہی امدادی تنظیموں اور قومی میڈیا کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستان مائیکرو فنانس نیٹ ورک، پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ، وسیلا بینک لمیٹڈ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس، آئی ایف سی ورلڈبینک، یوبی ایل، پاکستان انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فیسیلٹی، پنجاب رورل سپورٹ پروگرام اور ایف آئی ای سی اے مائیکرو فنانس بینک کے سینئر پریکٹشنر نے بھی خطاب کیا۔
Load Next Story