فتح نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے سر بھی فخر سے بلند کردیے

پاکستان کو جیت کی اشد ضرورت تھی، کھلاڑیوں نے پرستاروں کا دامن خوشیوں سے بھر دیا، ظہیرعباس

بیٹسمین مناسب اسکور کریں تو بولرز مزید فتوحات دلاسکتے ہیں، شعیب اختر۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ کیخلاف اولین ون ڈے سیریز فتح نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے سر بھی فخر سے بلند کر دیے۔

ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ پاکستان کو جیت کی اشد ضرورت تھی، کھلاڑیوں نے پرستاروں کا دامن خوشیوں سے بھر دیا، محمد یوسف کے مطابق پہلے میچ کی پرفارمنس نے مورال بلند کیا، دوسرے میں بھی یادگار فتح ملی، شعیب اختر نے کہا کہ بیٹسمین مناسب اسکور کریں تو بولرز مزید فتوحات دلاسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ پر سیریز فتح نے پوری قوم کی طرح سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو بھی خوش کر دیا،سابق کپتان ظہیر عباس نے کہاکہ پروٹیز کو ہوم گرائونڈ پر زیر کرنا بہت بڑی کامیابی ہے،گرین شرٹس کو ایسی فتح کی اشد ضرورت تھی،شکستوں کا سلسلہ طویل ہوجائے تو کم بیک کیلیے خاص کارکردگی دکھانا پڑتی ہے اور کھلاڑیوں نے ایسا کرکے پرستاروں کا دامن خوشیوں سے بھر دیا۔




سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ پہلے میچ میں انور علی اور بلاول بھٹی کی پرفارمنس کے بعد کھلاڑیوں کا اپنی صلاحیتوں پر یقین لوٹ آیا،کم ٹوٹل کا دفاع کرنے کے بعد ٹیم نے بہتر اسکور کیا تو بولرز کے حوصلے بھی بڑھ گئے، انھوں نے کہا کہ بڑے میچز میں مواقع سے فائدہ اٹھانے والی ٹیمیں ہی اعتماد کے ساتھ آگے بڑھتی ہیں، امید ہے کہ کھلاڑی اپنی خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دیتے ہوئے جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔ سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے کہاکہ پاکستان کے پاس دنیا کا بہترین بولنگ اٹیک ہے،ہر طرح کی وکٹوں پر عمدہ پرفارم کرنے کیلیے ورائٹی کی کمی نہیں،ٹیم نے چھوٹے ہدف کا دفاع کرکے ہی سیریز میں فتح کا راستہ بنالیا تھا، دوسرے میچ میں احمد شہزاد نے اچھے آغاز کے بعد آسانی سے وکٹ نہ گنوا کر بولرز کا کام آسان کردیا، بیٹنگ لائن اسی طرح وکٹ کے مزاج کو سمجھ کرکارکردگی دکھائے توپاکستان کلین سوئپ کرسکتا ہے۔ ہارون رشید نے کہا کہ فتح سے نہ صرف کھلاڑیوں کا اعتماد بلند ہوا بلکہ تنقید کی زد میں آئے کپتان مصباح الحق پر سے دبائو بھی کم ہوگا۔
Load Next Story