آسٹریلوی ’بچے‘ بھی انگلینڈ کو آنکھیں دکھانے لگے

چند کھلاڑی فقرے بازی کے جوہر آزمانے کیلیے تیار ہیں، کپتان چیئرمین الیون

ہم اسی انداز میں کرکٹ کھیلنے کے عادی اور اسی کو پسند کرتے ہیں, کپتان چیرمین الیون۔ فوٹو؛ فائل/رائٹرز

آسٹریلوی 'بچوں' نے بھی انگلینڈ کو آنکھیں دکھانے کا منصوبہ بنالیا، جمعے سے انگلش ٹیم کرکٹ آسٹریلیا چیئرمین الیون کے ساتھ ایلس اسپرنگسن میں 2 روزہ وارم اپ میچ کھیلنے والی ہے۔

میزبان سائیڈ کی قیادت 2 ٹیسٹ میچز کا تجربہ رکھنے والے اسپنر مائیکل بیئر کے ہاتھوں میں ہے جبکہ ٹیم میں زیادہ تر اسٹیٹس کے نوجوان پلیئرز شامل ہیں، مائیکل بیئر نے کہاکہ ہمیں معلوم ہے کہ ایشز ٹیسٹ میں لفظی بائونسرز نے انگلش ٹیم کو پریشان کیا، ہم اسی انداز میں کرکٹ کھیلنے کے عادی اور اسی کو پسند کرتے ہیں، اگر یہ حریف سائیڈ کی کمزوری ہے تو ہم اس سے ضرور فائدہ اٹھائیں گے، ہمارے بھی چند کھلاڑی فقرے بازی کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں۔




دوسری جانب انگلش فاسٹ بولر ٹم بریسنن نے ایشز اسکواڈ میں واپسی کا امکان روشن کرلیا، وہ ان دنوں آسٹریلیا میں موجود پرفارمنس پروگرام کا حصہ ہیں، اس ٹیم کی جانب سے انھوں نے کوئنز لینڈ سیکنڈ الیون کیخلاف 31 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں جبکہ ناٹ آئوٹ 57 رنز بھی اسکور کیے، بریسنن اسٹریس فریکچر سے نجات کے بعد دوبارہ کرکٹ میں واپس آئے ہیں۔ پہلے ایشز ٹیسٹ میں کرس ٹریملٹ نے مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا تھا، جس کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ بریسنن کو ایشز اسکواڈ میں طلب کر لیا جائے۔
Load Next Story