انگلینڈ فٹبال میچ فکسنگ میں ملوث 6 افراد زیرحراست

لیگ کے کم درجہ گیمز 81 ہزار ڈالر میں فکسڈ کیے جاسکتے ہیں، فکسر

اس نے ایک ٹیم کے تین میچز کے نتائج کی بالکل درست پیشگوئی بھی کی۔ فوٹو: فائل

انگلینڈ میں فٹبال میچ فکسنگ میں ملوث6 افراد کو حراست میں لے لیا گیا، نیشنل کرائم ایجنسی نے ان گرفتاریوں کی تصدیق کردی ہے، دوسری جانب2ہفتے قبل گرفتار ہونے والے آسٹرین فٹبالر کو رہائی کے بعد دوبارہ دھر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی پولیس نے مبینہ طور پر میچز فکسنگ میں ملوث 3 فٹبالرز اور ایک ایجنٹ سمیت 6 افراد کو حراست میں لے لیا،ایک اخبار کے مطابق نیشنل کرائم ایجنسی نے ایک انٹرنیشنل بیٹنگ سنڈیکیٹ پر چھاپے کے دوران ان گرفتاریوںکی تصدیق کردی ہے،ترجمان کا کہنا ہے کہ 6 افراد کو ملک بھر میں مبینہ فٹبال میچ فکسنگ میں این سی اے کی تحقیقات پر گرفتار کیا گیا، آپریشن کی وجہ ایک مشتبہ غیر قانونی انٹرنیشنل بیٹنگ سنڈیکیٹ بتایا جاتا ہے ، یہ ایک نتیجہ خیز تفتیش ہے ، ہم اس وقت مزید اطلاعات فراہم نہیں کرسکتے۔ سنگاپور کے ایک 'فکسر' نے برطانوی اخبار کے خفیہ رپورٹرز کو بتایا کہ لیگ کے کم درجہ گیمز 81 ہزار ڈالر میں فکسڈکیے جاسکتے ہیں ، اس نے ایک ٹیم کے تین میچز کے نتائج کی بالکل درست پیشگوئی بھی کی۔




قانونی وجوہات کی بنا پر ٹیم اور حراست میں لیے گئے پلیئرز کے نام بتائے نہیں گئے لیکن اخبار کے مطابق ایجنٹ سابق بولٹن اسٹرائکر ڈیلوری فیکے ہے، یقین کیا جا رہا ہے کہ پریمیئر لیگ کی ٹیموں میں سے کوئی بھی اس میں ملوث نہیں۔ فکسر نے بتایا کہ سٹے باز ایشین کمپنیزکے ساتھ شرط لگانے کیلیے اندرونی اطلاعات استعمال کرسکتے ہیں۔ فٹبال ایسوسی ایشن ترجمان نے کہاکہ ایف اے کے پاس این سی اے تحقیقات سے متعلق کئی افراد کی گرفتاری کی معلومات موجود ہیں، ہم نے ان الزامات کی چھان بین کیلیے حکام سے قریبی طور پر رابطہ رکھا ہے، جاری تحقیقات کی وجہ سے ایف اے اس وقت کوئی تبصرہ نہیں کریگی ۔ یاد رہے کہ انگلینڈ میں اس قسم کا سب سے بڑا گذشتہ اسکینڈل1960 کی دہائی کے درمیان سامنے آیا تھا جس میں 10 پلیئرز ملوث پائے گئے تھے، انھیں میچ فکسنگ میں ساتھ دینے پر جیل بھی جانا پڑا تھا۔

سزا پانے والے ان افراد میں ٹونی،پیٹر سوان اور ڈیوڈ 'برونکو' لین بھی شامل تھے۔ادھر ویانا میں 2ہفتے قبل آسٹرین فٹبالر ڈومینک ٹبوگا کو میچ فکسنگ کے سلسلے میں گرفتاری اور رہائی کے بعد دوبارہ دھر لیا گیا۔31 سالہ ڈیفینڈر کو مارکوس نیہر کے قصبے کیرنٹن سے گذشتہ بدھ گرفتار کیا گیا، ٹبوگا نے 14 نومبر کو باہمی رضامندی سے فرسٹ ڈویژن کلب ایس وی گروڈگ کو چھوڑ دیا تھا ، کلب کا کہنا تھا کہ انھوں نے اقرار کیاکہ 4 ٹیم ساتھیوں سے نتائج میں گڑبڑکیلیے رابطہ کیا تھا، دیگر پلیئرز نے اس معاملے میں ملوث ہونے سے انکار کر دیا اور میچ فکسنگ نہیں ہوسکی تھی۔ سابق آسٹریا انٹرنیشنل فارورڈ سانیل کلجک سمیت تین افراد پہلے ہی حراست میں ہیں، ان پر الزام ہے کہ اس معاملے پر ٹبوگا کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی تھی۔ 2005/06 کی آسٹرین لیگ میں کلجک 15 گولز کے ساتھ ایس وی ریڈ کے ٹاپ اسکوررز میں شامل تھے۔
Load Next Story