اسکواش سیریز 2 پاکستانی پلیئرز کی سیمی فائنل میں رسائی

وقاص محبوب آج اردنی حریف احمد السراج کے مقابل،ثاقب کا بوبان سے سامنا ہوگا.

کوارٹر فائنل میں پاکستان کے محمد ثاقب نے کورین حریف کیون ہیون ینگ کو 3-1 سے زیر کیا. فوٹو: فائل

سرام سیریز اسکواش ٹورنامنٹ میں محمد ثاقب حسن اور وقاص محبوب سیمی فائنل میں پہنچ گئے، فیصلہ کن معرکے میں رسائی کیلیے ثاقب جمعے کو اسکاٹش حریف گریگ بوبان اور وقاص محبوب اردن کے احمد السراج سے مقابلہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشین دارلحکومت میں جاری ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے محمد ثاقب نے کورین حریف کیون ہیون ینگ کو 3-1 سے زیر کیا، انھیں پہلے گیم میں 7-11سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، البتہ ثاقب نے دوسرا گیم11-7اور تیسرا11-9 سے جیتا۔ چوتھے گیم میں ایک بار پھر پاکستانی کھلاڑی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11-7 سے کامیابی سیمٹتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔




قبل ازیں دوسرے رائونڈ میں انھوں نے کوریا کے سینگ یونگ کو باآسانی 3-0 سے مات دی تھی۔ ایک اور کوارٹر فائنل میں وقاص محبوب نے مصری احمد حسین کو 3-1 سے قابو کیا، پاکستانی کھلاڑی کی فتح کا اسکور 7-11,11-5,11-9 اور11-5 رہا، فائنل فور میں ان کا سامنا اردنی احمد السراج سے ہوگا۔ وقاص جمعرات کی صبح دوسرے رائونڈ میں یژنگ ہو کو ہرانے کے بعد اگلے مرحلے میں پہنچے تھے۔ دوسرے رائونڈ میں ایک اور پاکستانی کھلاڑی اسماعیل رئوف کورین کیون ہیون ینگ کے ہاتھوں 3-0 سے ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز جمعہ اور فیصلہ کن معرکہ ہفتے کو ہوگا۔
Load Next Story