جمہوریت محفوظ ہے اب حکومت کو ڈلیورکرنا ہوگا جہانگیر ترین

ساری قیادت متحد ہوجائے، رضا ہراج، ہم پرتنقید کرنیوالے فرق توواضح کریں، سعید غنی

وزیراعظم اپنے فیصلے اور فوج اپنے فیصلے کرے گی، طلعت مسعود، تکرار میں گفتگو۔ فوٹو : ایکسپریس/فائل

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تقرری کے بعد جمہوریت کو ہرطرف سے محفوظ بنادیا گیا ہے اب حکومت کو ڈلیور کرنا ہوگا، عوام کیلیے بہتر فیصلے کرنا ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار میں میزبان عمران خان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ حکومت دہشتگردی، بیروزگاری، کرپشن ، مہنگائی کے بارے میں ایسے فیصلے کرے جس سے عوام کو ریلیف ملے، حکومت کو بڑے فیصلے کرنا ہوں گے اور دہشتگردی کے خلاف اپنا موقف واضح کرنا ہوگا۔ن لیگ کے رہنما رضا حیات ہراج نے کہا کہ پاکستان اپنے بدترین دور سے گذررہا ہے، ساری قیادت کو متحد ہوکر آگے بڑھنا چاہیے۔




پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ حکومت نے جو عوام سے وعدے کیے تھے ان کو توپورا کرنا چاہیے جن ایشوزپر ہم پرتنقید کی جاتی تھی یہ ان ایشوزکو ٹھیک کرکے کچھ تو فرق واضح کریں۔ دفاعی تجزیہ کار جنرل ریٹائرڈطلعت مسعود نے کہا کہ ایک لحاظ سے پاکستان کے ادارے مضبوط ہورہے ہیں اگر فیصلہ سازی ٹھیک ہوجاتی ہے تو یہ ادارے اس قابل ہیں کہ عوام کو ڈلیور کرسکیں، شخصیت سے فرق پڑتا ہے لیکن میرے خیال میں پالیسی میں کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ اب وزیراعظم اپنے فیصلے خود کریں گے اور فوج کے اندرونی فیصلے فوج ہی کرے گی۔
Load Next Story