قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ زرعی بینک کی سیمی فائنل تک رسائی

پی آئی اے نے پی ٹی وی کو 10 وکٹ سے آؤٹ کلاس کیا، ناکام ٹیم نے صفر پر 5 وکٹیں گنوائیں، حبیب بینک کو شکست

ورٹ قاسم اتھارٹی نے خرم منظور کے ناقابل شکست 57 اور شاہ زیب حسن کے 35رنز کی بدولت 3وکٹ پر 165 کا قابل قدر مجموعہ حاصل کیا. فوٹو؛ فائل

PESHAWAR:
زرعی ترقیاتی بینک نے واپڈا کو5 وکٹ سے زیر کرکے قومی ڈپارٹمنٹل ٹوئنٹی20ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا۔

پی آئی اے نے پی ٹی وی کو 10 وکٹ سے آئوٹ کلاس کیا، ناکام ٹیم ایک موقع پر صفر پر5وکٹیں گنوا بیٹھی تھی، پورٹ قاسم اتھارٹی نے حبیب بینک کو 39 رنز سے مات دی،کے آر ایل نے اسٹیٹ بینک کو 7 اور یو بی ایل نے نیشنل بینک کو 4وکٹ سے قابو کیا۔ تفصیلات کے مطابق زرعی ترقیاتی بینک کوگوہر ظفر نے آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسان فتح دلائی، گروپ بی میچ میں واپڈا نے 9وکٹ پر صرف 101رنز بنائے، سرفراز احمد نے25رنز ناٹ آئوٹ اسکور کیے، 5 بیٹسمین ڈبل فیگر تک بھی نہ پہنچ پائے،ظفر گوہر نے 4 اور عمران خان نے 3پلیئرزکو پویلین کی راہ دکھائی۔ زیڈ ٹی بی ایل نے ہدف 17اوورز میں 5وکٹ پر حاصل کرلیا، یاسر حمید 38پر ناٹ آئوٹ رہے،ظفر گوہر نے 17گیندوں پر 30رنز اسکور کیے۔




اسی گروپ میں حبیب بینک کی ٹیم مسلسل دوسری شکست کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی، پورٹ قاسم اتھارٹی نے خرم منظور کے ناقابل شکست 57 اور شاہ زیب حسن کے 35رنز کی بدولت 3وکٹ پر 165 کا قابل قدر مجموعہ حاصل کیا، عمر گل، محمد اسلم اور سلمان قادر نے ایک، ایک وکٹ لی، بینک کی اننگز126پر سمٹ گئی، حسن رضا 48کے ساتھ نمایاں رہے، صرف 3 بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے، سہیل خان3 جبکہ محمد سمیع،محمد طلحٰہ اور کامران یونس 2، 2شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔گروپ اے میں پی آئی اے نے پی ٹی وی کو 10 وکٹ سے آئوٹ کلاس کردیا،نجف شاہ نے 4اورعدیل ملک نے 2 وکٹوں کا بٹوارہ کرتے ہوئے ناکام ٹیم کو 9 وکٹ پر 96رنز تک محدود رکھا، یاسم مرتضٰی 40 اور زوہیب احمد 32 کے سوا کوئی وکٹ پر نہ ٹھہر پایا، ایک موقع پر صفر پر5وکٹیں گر گئی تھیں، ابتدائی 6میں سے5 بیٹسمینوں نے کھاتہ بھی نہ کھولا۔

ایئرلائنز نے ہدف 14.4اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا، سرفراز احمد 50اور کامران ساجد 39رنز پر ناقابل شکست پویلین لوٹے۔اسی گروپ میں کے آر ایل نے اسٹیٹ بینک کو 7وکٹ سے مات دی، ناکام ٹیم نے 3وکٹ پر 141رنز بنائے، رمیز راجہ 46 اور فرخ شہزاد37رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کے آر ایل نے ہدف آخری اوور میں 3وکٹ پر حاصل کرلیا، زین عباس56 اور نوید یاسین 54رنز پر ناقابل شکست رہے، تینوں بیٹسمینوں کو فیصل یاسین نے آئوٹ کیا۔ گروپ اے میں یو بی ایل نے نیشنل بینک کو 4وکٹ سے شکست کا صدمہ دیا، کاشف بھٹی نے 3 شکار کرکے ناکام ٹیم کو 127تک محدود رکھا، عثمان قادر نے36رنز بنائے، یو بی ایل نے ہدف آخری اوور میں 4وکٹ پر حاصل کیا تو 4وکٹیں باقی تھیں، رضا حسن اور عثمان قادر نے 2،2 پلیئرز کو آئوٹ کیا۔
Load Next Story