اسکواش دونوں پاکستانی کھلاڑی سیمی فائنل میں ناکام

وقاص محبوب کو احمد سراج نے زیر کرلیا، شعیب انجری کی وجہ سے ریٹائر ہوگئے۔

وقاص محبوب کو احمد سراج نے زیر کرلیا، شعیب انجری کی وجہ سے ریٹائر ہوگئے۔ فوٹو: فائل

سرام سیریز اسکواش ٹورنامنٹ میں دونوں پاکستانی کھلاڑی سیمی فائنل میں ہار گئے، وقاص محبوب کو اردنی احمد السراج نے1-4 سے زیر کیا۔

محمد شعیب حسن اسکاٹش حریف گریک لوبان کیخلاف دوسرے گیم میں انجریز کی وجہ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ البریٹا اوپن اسکواش ایونٹ میں پاکستانی فرحان زمان نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہر کوالالمپورمیں جاری سرام اسکواش سیریز کے پہلے سیمی فائنل میں وقاص محبوب کیخلاف اردنی پلیئر احمد السراج نے3-1 سے فتح حاصل کی، پاکستانی کھلاڑی نے پہلے گیم میں 11-7 سے کامیابی حاصل کی لیکن دوسرے میں 9-11 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، حریف پلیئر نے تیسرا گیم 11-8 سے اپنے نام کرتے ہوئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔




چوتھے گیم میں پاکستانی کھلاڑی مکمل طور پر بے بس نظر آئے اور4-11 سے ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کے محمد شعیب حسن کا سامنا اسکاٹ لینڈ کے گریگ لوبان سے ہوا، شعیب کو پہلے گیم میں4-11 سے مات ہوئی،دوسرے میں بھی وہ 1-6 کے خسارے کا شکار تھے کہ فٹنس مسائل کی وجہ سے ریٹائر ہرٹ ہوگئے۔ دوسری طرف کینیڈا میں جاری ایک اور ایونٹ البریٹا اوپن میں شریک پاکستان کے فرحان زمان نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، فرحان نے ابتدائی رائونڈ مقابلے میں میکسیکن الفریڈ اویلا کو آسان مقابلے کے بعد3-0 سے زیر کیا، ان کی فتح کا اسکور11-3,11-7 اور11-5 رہا، فائنل ایٹ میں فرحان کا سامنا اسپین کے کارلوس کارنر سے ہوگا۔
Load Next Story