ممالک کی ترقی میں آپس کے رابطے اہم کردار ادا کرتے ہیں گورنرعشرت العباد

پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور بحیرہ عرب سے گہری ہے،ڈاکٹر عشرت العباد خان

عشرت العباد کی چینی زبان سکھانے کیلیے جامعہ کراچی میں قائم کیے جانیوالے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب فوٹو:فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور بحیرہ عرب سے گہری ہے جس میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ ہو رہا ہے ۔

کیونکہ دونوں ملکوں کے عوام باہمی احترام اور اخلاص کے اٹوٹ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو گورنر ہاوس میں چینی زبان سکھانے کیلیے جامعہ کراچی میں قائم کیے جانیوالے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر محمد قیصر ، سچوان یونیورسٹی چین کے وائس چانسلر پروفیسر یانگ یو سونگ، کراچی میں چین کے قونصل جنرل ما یائو بھی موجود تھے،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین ابتدا ہی سے دوستی کے گہرے رشتہ میں بندھے ہوئے ہیں اور ایشوز کی بنیاد پرہمیشہ دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی مدد اور حمایت کی ہے، پاکستان چین کو تسلیم کرنے والے ملکوں میں پہلے نمبر پر تھاجبکہ پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں چین کی مدد اور تعاون ہمیشہ سے موجود رہا ہے۔




انھوں نے مزید کہا کہ بدلتے ہوئے سماجی حالات اور سیاسی صورتحال میں دونوں ملکوں کے مابین تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے، انھوں نے کہا کہ یہ نہایت خوش آئند بات ہے کہ پاکستان میں بھی چینی زبان اہمیت و افادیت کو محسوس کر لیا گیا ہے اور کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، انھوں نے کہا کہ دو ممالک کی ترقی میں آپس کے رابطے اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اگر زبان کی رکاوٹ نہ ہو تو یہ دو ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے زیادہ بہتر طریقہ سے استفادہ کر سکتے ہیں، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد قیصر نے اس موقع پر بتایا کہ جامعہ کراچی میں شروع کیے جانے والے چینی زبان کے کورسز ابتدا میں 6، 6 ماہ کے سرٹیفکیٹ کورسز ہوں گے۔
Load Next Story