جنرل کیانی کا کیریئر 42 سال 3 ماہ پر محیط

گراں قدر خدمات پر جنرل اشفاق پرویز کیانی کو کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا گیا.

گراں قدر خدمات پر جنرل اشفاق پرویز کیانی کو کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا گیا. فوٹو: فائل

ریٹائرمنٹ کے دن تک جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کیریئر 42 برسوں اور 3 ماہ پر محیط ہے۔


فوج کے سابق سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی 20 اپریل 1952 کو منگھوٹ ضلع گوجر خان میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم ملٹری کالج جہلم سے حاصل کی، 29 اگست 1971 کو بلوچ رجمنٹ کی ففتھ بٹالین میں بطور سیکنڈ لیفٹیننٹ شامل ہوئے، فوج میں ان کی شمولیت کے 3 ماہ 4 دن بعد پاک بھارت جنگ چھڑ گئی اور پاکستان کا مشرقی بازو جدا ہوکر بنگلہ دیش بن گیا۔ جنرل کیانی نے 1988 سے 1990 کے دوران اس وقت کی وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے ملٹری سیکریٹری کے فرائض بھی انجام دیے۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور جنرل اسٹاف کالج لیون ورتھ امریکا سے فارغ التحصیل جنرل اشفاق پرویز کیانی کو 2000 میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ملٹری آپریشنز کا ڈائریکٹر بنادیا گیا۔

2001 میں بطور ڈی جی ایم او جنرل کیانی کے دور میں پاکستانی اور بھارتی افواج کے درمیان تنائو پیدا ہوا۔ ستمبر 2003 میں لیفٹیننٹ جنرل بنے اور راولپنڈی کور کی کمان سنبھالی۔ اکتوبر 2004 میں انھیں آئی ایس آئی کا سربراہ بنادیا گیا۔ اکتوبر 2007 میں فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی پاکر وائس چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے۔ 28 نومبر 2007 کو جنرل پرویز مشرف کی جگہ آرمی چیف کا عہدہ سنبھالا۔ 24 جولائی 2010 کو مدت ملازمت میں 3 سال توسیع دی گئی۔ گراں قدر خدمات پر جنرل اشفاق پرویز کیانی کو کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ ان میں امریکی آرمڈ فورسز کی جانب سے لیجن آف میرٹ، اسپین کی جانب سے گرینڈ کراس آف ملٹری میرٹ ایوارڈ جبکہ پاکستان میں نشان امتیاز (ملٹری) اور ہلال امتیاز شامل ہیں۔
Load Next Story