کورونا وائرس کے معاملے پر نجی شعبے کا بڑا اقدام

کورونا وائرس کی روک تھام اور متاثرہ افراد کے مفت علاج و معالجے کے لئے حسین لاکھانی اسپتال میں 50 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈز قائم کر دیئے گئے۔

حسین لاکھانی ہسپتال کے چئیرمین نوید لاکھانی نے بلدیہ عظمی کی ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ آئسولیشن وارڈ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا، جہاں وینٹیلیٹرز، انکیوبیٹرز اور دیگر آلات بھی دستیاب ہوں گے۔

نوید لاکھانی نے کہا کہ مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ ہیں، کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو علاج کی سہولت دے سکیں۔ انہوں نے کاروباری طبقے سے درخواست کی آگے آئیں اور مشکل حالات میں خود کو رضاکارانہ طور پر پیش کریں۔

ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی ڈاکٹر سلمہ کوثر نے کہا کہ کورونا اتنا خطرناک نہیں جتنا اس کو بنادیا گیا ہے، میئر کراچی بھی اس کی روک تھام کے لئے متحرک ہیں۔ اس موقع پر سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی، چئیرمین حسین لاکھانی ٹرسٹ نوید لاکھانی، ایم پی اے ڈاکٹر عمران علی شاہ اور ڈائرایکٹر ہیلتھ سلمہ کوثر نے آئسولیشن وارڈز کا دورہ بھی کیا۔