میئر کراچی کا وزیراعظم کو خط، کراچی کے ٹریفک مسائل پر کردار ادا کرنے کی درخواست

ویب ڈیسک  منگل 30 اپريل 2024
میئر کراچی نے وزیراعظم کو شہر کے ٹریفک مسائل پر خط لکھ دیا—فائل: فوٹو

میئر کراچی نے وزیراعظم کو شہر کے ٹریفک مسائل پر خط لکھ دیا—فائل: فوٹو

  کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر کرنے اور لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک کی اجازت سمیت ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز سے کردار ادا کرنے کی درخواست کر دی۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام خط میں کراچی کے ٹریفک کے مسائل پر کردار ادا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین لائن بس سروس منصوبہ سندھ انفرا اسٹرکچر کمپنی نے مکمل کرنا تھا، نمائشی چورنگی سے میونسپل پارک جامع کلاتھ مارکیٹ تک ٹریفک کی بہت بری صورت حال ہے۔

انہوں نے نشان دہی کی کہ بری صورت حال اور ٹریفک کی روانی کا مسئلہ گرین لائن منصوبے کا نامکمل ٹریک ہے، لاکھوں لوگوں کا ایم اے جناح روڈ سے روزانہ گزر ہوتا ہے جنہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے منصوبے پر ہیوی ٹریفک پر عائد پابندی کی وجہ سے بھی اندرون شہر مسائل ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے خط میں کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کے ماہرین نے بتایا کہ اس منصوبے پر ہیوی ٹریفک چل سکتی ہے لہٰذا وزیراعظم صاحب سے درخواست ہے کہ لیاری ایکسپریس وے پر کراچی پورٹ سے ملک بھر میں جانے اور آنے والی گاڑیوں کو اجازت دی جائے۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کی دلچسپی اور قائدانہ صاحتیوں نے لاہور کو تبدیل کیا اور اب کراچی میں ٹریفک کے مسائل بھی آپ کی توجہ کے منتظر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔