کراچی میں لاک ڈاؤن 411 افراد گرفتار مقدمات درج کرنے پرعدالت برہم

139 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں، ترجمان کراچی پولیس

منگل کے روز مزید 39 افراد کو گرفتار کیا گیا، ترجمان پولیس۔ فوٹو، فائل

شہرمیں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر دوروز کے دوران 411 افراد گرفتارکر لیے گئے جب کہ زیر حراست شہریوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اعلان کردہ لاک ڈاؤن کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری ہیں اور گزشتہ دو روز کے دوران 135 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ منگل کو مزید 13 مقدمات درج کرکے 39 افراد کو گرفتارکیا گیا۔ دوروز کے دوران 411 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

شہریوں کے خلاف مقدمات درج ہونے پر عدالت کا اظہار برہمی


کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل میجسٹریٹ غربی آصف علی عباسی کے روبرو لاک ڈاؤن کی خلاف وزری کرنے والوں پر فوجداری مقدمات کی سماعت ہوئی۔ جوڈیشل میجسٹریٹ غربی آصف علی عباسی نے پولیس حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریماکس دیے کہ شہریوں پر کس قانون کے تحت فوجداری مقدمہ درج کیا گیا۔ ضابطہ فوج داری شیڈول 2، دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت بغیر کیسی وارنٹ کے گرفتاری نہیں ہوسکتی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ایسے جرم میں متعلقہ عدالت کی اجازت کے بغیر ایف آئی آر کیسے درج کی جاتی ہے۔ شیڈول 2 میں صاف لکھا ہوا ہے کہ دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت یہ قابل دست اندازی پولیس جرم نہیں ہے۔ ضابطہ فوجداری دفعہ 155 کے تحت متعلقہ عدالت میں شکایت کی جاسکتی ہے اور صرف عدالت ہی سمن جاری کرسکتی ہے۔

پولیس حکام عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے، عدالت نے 8 ملزموں کو شخصی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ جوڈیشل میجسٹریٹ نے شہریوں کو قانون کی پاسداری، موجودہ صورت حال میں اداروں کے ساتھ تعاون اور غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی۔
Load Next Story