جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی

پاکستان کی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے شہر سنچورین میں کھیلے گئے تیسرے اور سیریز کے آخری ون ڈے میچ ...

تیسرے ون ڈے میں قومی کھلاڑی جنوبی افریقی ٹیم کو فتح پر مبارکباد دے رہے ہیں، فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے شہر سنچورین میں کھیلے گئے تیسرے اور سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں4وکٹ سے شکست کھا گئی' یوں وہ جنوبی افریقہ کو وائٹ واش کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے180 رنز کا معمولی ہدف 68 بالز قبل ہی 6وکٹ پر حاصل کر لیا' جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ابراہم ڈی ویلیئرز 48 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے' ہاشم آملہ نے 41 رنز بنائے۔ پاکستان کے اسپین بالرسعید اجمل نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 179 رنز بنائے اور ساری ٹیم آئوٹ ہو گئی۔ کپتان مصباح الحق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 79 رنز بنائے اور وہ آوٹ نہیں ہوئے ۔ ابتدائی 2 میچز میں کامیابی کی بدولت سیریز2-1سے پاکستان کے نام رہی۔


پاکستان گو ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ ہار گیا لیکن مجموعی طور پر پاکستانی کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلے دو میچوں میں جنوبی افریقہ کو شکست دی۔کپتان مصباح الحق نے ون ڈے سیریز میں بہترین کپتانی کا مظاہرہ کیا۔ نوجوان افتتاحی کھلاڑی احمد شہزاد نے پاکستان کی جانب سے سیریز میں سب سے زیادہ 137 اسکور بنائے' کپتان مصباح الحق دوسرے نمبر پر رہے۔ مصباح الحق پہلے ایشیائی کپتان ہیں جن کی قیادت میں کسی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ہوم گرائونڈ پر سیریز میں شکست دی۔پاکستانی ٹیم میں شامل نئے کھلاڑیوں نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ خصوصاً صہیب مقصود اچھے بیٹسمین کے طور پر سامنے آئے' بلاول بھٹی اور انور علی بھی مستقبل میں بہترین کھلاڑی بن کر سامنے آئیں گے۔ جنوبی افریقہ کو اس کی ہوم گرائونڈ پر شکست دینا معمولی بات نہیں ہے۔ امید ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم مزید فتوحات حاصل کرے گی۔
Load Next Story