آلو پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں وسط دسمبر تک کم ہو جائیں گی

پنجاب میں آلو کی فصل آنا شروع، جلد وافر مقدار میں دستیاب ہو گا، پیاز و ٹماٹر کی فصل بھی تیار ہے

آلو 25 تا 30، پیاز 35 تا 40 اور ٹماٹر 50 تا 60 روپے کلو میں دستیاب ہو گا، زرعی ماہرین۔ فوٹو: فائل

زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ دسمبر کے وسط تک مارکیٹ میں آلو کی قیمتیں 25 سے 30 روپے، پیاز کی قیمتیں 35سے 40روپے جبکہ ٹماٹر کی قیمتیں 50سے60 روپے تک آ جائیں گی اور یہ چیزیں مارکیٹ میں وافر مقدار میں دستیاب ہوں گی۔

محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ مارکیٹنگ کے مطابق پنجاب جو ملک میں آلو کی کل پیداوار کا 95فیصد حصہ فراہم کرتا ہے،یہاں آلو کی نئی فصل آنا شروع ہو گئی ہے جس میں درجہ اول اور درجہ دوئم کا آلو شامل ہے،درجہ اول کا آلو سرگودھا اور خوشاب سے آنا شروع ہو گیا ہے جبکہ قصور، سیالکوٹ ، اوکاڑہ،شیخوپورہ اور لاہور کے قرب و جوار مانگا منڈی،برکی،ہڈیارہ اور داروغہ والہ سے چھوٹے آلو کی پیداوار آ رہی ہے اوراگلے چند دنوں میں آلو کا سائز بہتر ہو جائے گا اور دسمبر کے وسط تک آلو کی پیداوار مارکیٹ میں وافر مقدار اور قیمت 25 روپے سے 30 روپے فی کلو تک آ جائے گی۔




شعبہ مارکیٹنگ کے مطابق پاکستان میں پیاز کی فصل کی کل پیداوار کا 37 فیصد سندھ پیدا کرتاہے جبکہ سند ھ کی فصل کا دورانیہ نومبر سے اپریل ہے لہٰذا سندھ سے پیاز کی پیداوار آنا شروع ہو گئی ہے،ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان سے بھی پیاز کی سپلائی آ رہی ہے لیکن سندھ کے کاشت کار کی پہلی ترجیح کراچی کی ماکیٹوں کو پیاز کی سپلائی یقینی بنانا ہے کیونکہ انہیں پنجاب کی نسبت کراچی میں ٹرانسپورٹیشن میں آسانی ہوتی ہے تاہم کچھ حصہ پنجاب میں بھی آنا شروع ہو گیا ہے جس سے مارکیٹ میں دسمبر کے وسط تک پیاز کی قیمت 35 روپے سے 40 روپے فی کلو تک آ جائے گی اور مارکیٹ میں پیاز وافر مقدار میں میسر آ سکے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں ٹماٹر کی کل پیداوار کا25فیصد سندھ سے حاصل ہوتا ہے، بلوچستان میں قلعہ سیف اللہ سے ٹماٹر کی کچھ مقدار آ رہی ہے جہاں ٹماٹر کی فصل ستمبر سے نومبر تک ہوتی ہے جبکہ ٹماٹر کی فصل سندھ سے آنا شروع ہو گئی ہے جس سے کراچی کی مارکیٹ میں ٹماٹر کی قیمتوں میں حیرت انگیز کمی واقع ہوئی ہے، ٹماٹر کی سپلائی پنجاب میں بھی آنا شروع ہوگئی ہے اور دسمبر کے وسط تک مارکیٹ میں ٹماٹر کی وافر مقدار میسر آنے کے ساتھ ساتھ اس کی قیمتیں بھی معمول پر آ جائیں گی۔ زرعی ماہرین نے ملک میں گندم کی کاشت اور پیداوار بڑھانے کے لیے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ نئی سپورٹ پرائس کا اعلان کرے تاکہ ملک میں گندم کے کاشت کاروں کی حوصلہ افزائی ہو سکے اور فارمر ز گندم کی کاشت میں زیادہ سے زیادہ دلچسپی لیں۔
Load Next Story