مسلم لیگ ن کا نئی حلقہ بندیوں کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ

سلیم ضیا کی زیر صدارت اجلاس میں نئی حلقہ بندیوں اور پارٹی امور پر تفصیلی غور کیا گیا

سلیم ضیا کی زیر صدارت اجلاس میں نئی حلقہ بندیوں اور پارٹی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ نے صوبے میں ہونے والی نئی حلقہ بندیوں کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ رواں ہفتے نئی حلقہ بندیوں کیخلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

پارٹی سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور تمام نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، اس بات کا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے ضلعی صدور اور جنرل سیکریٹری کے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس کی صدارت مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیا نے کی جبکہ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر، اراکین سندھ اسمبلی عرفان اللہ مروت، حاجی شفیع جاموٹ، سورٹھ تھیبو، تمام ضلعی صدور اور جنرل سیکریٹریز نے شرکت کی، اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی انتخابات، نئی حلقہ بندیوں اور پارٹی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔




اجلاس میں صوبے میں نئی حلقہ بندیوں کو مسترد کرتے اس کے خلاف عدالت میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اجلاس میں بلدیاتی نظام کے حوالے سے نئی ترامیم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اس کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ نئی بلدیاتی ترامیم سے آزاد امیدواروں کا انتخاب میں حصہ لینے کا آئینی حق سلب ہوگیا ہے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات میں دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ صوبائی قیادت کرے گی، اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل سلیم ضیاء اور رکن مجلس عاملہ حاجی چن زیب کے درمیان پارٹی امور پر بعض تنظیمی امور پر بحث ومباحثہ اور تلخ کلامی ہوگئی جس کے بعد اجلاس کچھ دیر کے لیے بدنظمی کا شکار ہوگیا تاہم پارٹی قیادت نے معاملے کو فوری سنبھال لیا اور اجلاس پرسکون ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔
Load Next Story