نارتھ ناظم آباد مفتی رمضان پارک کے ٹھیکیدار اور عملے کی مکینوں کو دھمکیاں

پارک کاٹھیکہ فوری منسوخ کر کے مفتی رمضان پارک کو فیملی پارک بنا دیا جائے، مکینوں کا حق پرست ارکان اسمبلی سے مطالبہ

نارتھ ناظم آباد بلاک ڈی میں واقع مفتی رمضان پارک میں کنڈے سے بجلی حاصل کی جارہی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

نارتھ ناظم آباد میں چند ماہ قبل کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائے جانیوالے مفتی رمضان پارک کے ٹھیکیدار اور وہاں پر تعینات عملے کی جانب سے اہل محلہ سے ہتک آمیز رویہ اور انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا۔

مکینوں نے حق پرست اراکین اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر واقعے کا سختی سے نوٹس لے کر ذمے داروں کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں، تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک D میں کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائے جانیوالے مفتی رمضان پارک کا چند ماہ قبل افتتاح ہوا تھا بعدازاں پارک کا ٹھیکہ جاوید نامی شخص کو دیا گیا جس نے فیملی پارک کو باقاعدہ کمرشل پارک میں تبدیل کر کے تفریح کیلیے آنے والوں سے رقم بٹورنا شروع کر دی ، چند روز قبل محلے کے بچے جب پارک میں گئے تو ٹھیکیدار کے عملے نے بچوں کو دھکے دے کر پارک سے نکال دیا اور جب ان کے اہلخانہ ٹھیکیدار کے عملے سے بات چیت کرنے گئے تو مین گیٹ پر تعینات عملے نے علاقہ مکینوں کو نہ صرف مغلظات بکیں بلکہ انھیں سنگین نتائج کے ساتھ ساتھ جان سے مارنے کی بھی دھمکیاں دیں جس پر علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا اور انھوں نے حق پرست اراکین اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پارک کے ٹھیکیدار کا ٹھیکہ منسوخ کرکے کمرشل بنائے جانیوالے مفتی رمضان پارک کو خالصتاً فیملی پارک بنا دیا جائے جیسا کے وہ پہلے تھا جہاں آنے والوں خصوصاً علاقہ مکینوں کو ٹھیکیدار کے پالتوں غنڈوں سے کوئی ڈر و خوف نہ ہو اور نہ ہی انھیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جائیں۔




اہل محلہ کا کہنا ہے کہ پارک سے ملحقہ مسجد طیبہ کی دیوار کے ساتھ رکھے جانیوالے جانوروں اور پرندوں کی غلاظت سے مسجد کے صحن میں ادا کی جانے والی نماز عصر ، مغرب اور عشا میں آنے والے نمازیوں کو شدید بدبو کے ساتھ ساتھ پارک میں چلنے والے جھولوں کے شور کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ مذکورہ پارک میں 2 جانب سے مبینہ طور پر کنڈے سے بجلی حاصل کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے علاقے میں بجلی کے وولٹیج پر بھی اثر پڑ رہا ہے اور بجلی کے کم زیادہ ہونے سے برقی آلات خراب ہو رہے ہیں، علاقہ مکینوں نے کا کہنا ہے کہ مفتی رمضان پارک کے چاروں اطراف رہائش پذیر افراد کو پارکنگ کے حوالے سے بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا جبکہ پارک میں آنے والوں سے پارکنگ فیس بھی وصول کی جا رہی ہے ، علاقہ پارک کے سامنے رہائشی مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کے گھر آنے والے مہمانوں سے بھی گاڑی پارک کرنے کی فیس طلب کی جاتی ہے جبکہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پارک میں آنے والوں کی وجہ سے ان کا ا پنے گھروں کی بالکونی اور باہر کھڑے ہونا محال ہوگیا۔
Load Next Story