شاہ رخ اور سلمان خان کے حامی آپس میں لڑپرے

’’جنگ‘‘ کا آغاز یوٹیوب کی ایک وڈیو پر ہونے والے کمنٹ سے ہوا

مخالفین کی جانب سے دونوں اداکاروں کو گالیاں، ان کی فلموں کا موازنہ کیا جاتا رہا۔ فوٹو : فائل

لاہور:
سماجی ویب سائٹس دوستیوں اور رابطوں کی بزم آرائیوں کے ساتھ اختلافات اور تنازعات کا میدان جنگ بھی بنی رہتی ہیں۔

سیاسی، نظریاتی اور مذہبی اختلافات رکھنے والوں کے ساتھ یہاں ایسے یوزرز بھی باہم جنگ آزما نظر آتے ہیں جو کسی شخصیت کے حامی یا مخالف ہوتے ہیں۔ جب بات اداکاروں کی ہو تو ان کے پرستار اپنے پسندیدہ اداکار کے معاملے میں بے حد جذباتی ہوتے ہیں اور اس کے خلاف کوئی بات سننے پر آمادہ نہیں ہوتے، چناں چہ کسی سوشل ویب سائٹ پر بعض اوقات کسی اداکار کے خلاف کچھ کہنے پر یہ سائٹ جنگ کا میدان بن جاتی ہے۔


ایسی ہی ایک جنگ گذشتہ دنوں بولی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور سلمان خان کے پرستاروں کے درمیان چھڑ گئی۔ ہوا یوں کہ یوٹیوب پر ایک یوزر رام چورسیا نے انڈوں پر بیٹھی ایک مرغی کی وڈیو اپ لوڈ کی۔ چودہ سیکنڈ کی اس وڈیو پر کسی یوزر نے شاہ رخ خان کی ستائش پر مبنی کمنٹس کردیے۔ جواب میں سلمان خان کے ایک حامی نے کمنٹ کیا،''شاہ رخ خان خراب ترین اداکار ہے۔۔۔سلمان خان بہترین ہے۔'' بس پھر کیا تھا۔ دونوں طرف کے جنگ باز میدان میں آگئے اور اپنے پسندیدہ اداکار کی حمایت اور دوسرے کی مخالفت میں کمنٹس کا سلسلہ شروع کردیا۔ اس حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق ایک گھنٹے کے دوران شاہ رخ خان اور سلمان خان کو ان کے مخالفین کی جانب سے گالیاں دی گئیں۔ ساتھ ہی کنگ خان اور سلو بھائی کو 2 ہزار سے زیادہ نئے نام دیے گئے۔ دنیا بھر سے ہونے والے یہ کمنٹس بہت بڑی تعداد میں اور نہایت تیزی سے کیے جارہے تھے۔

سلمان خان کے حامی اس جنگ کی شروعات کا الزام شاہ رخ خان کے پرستاروں پر عاید کرتے ہیں، جب کہ کنگ خان کے حمایتی یہ الزام رد کرتے ہوئے اس جنگ کا ذمے دار سلمان خان کے حامیوں کو قرار دیتے ہیں۔ اس جنگ کے دوران نہ صرف دونوں اداکاروں کی صلاحیتوں کے بارے میں دعوے کیے گئے، بل کہ ان کی فلموں کا موازنہ بھی کیا جاتا رہا۔
Load Next Story