کے ایم سی نے 7500 دکانوں کو دو ماہ کا کرایہ معاف کردیا

میئر کراچی کا تاجروں کو پیکیج دلانے کے لیے وفاق سے بات کرنے کا بھی عندیہ

میئر کراچی کا تاجروں کو پیکیج دلانے کے لیے وفاق سے بات کرنے کا بھی عندیہ (فوٹو : فائل)

لاک ڈاؤن میں کاروبار نہ ہونے کے سبب میئر کراچی کی ہدایت پر کے ایم سی نے ساڑھے سات ہزار دکانوں کو دو ماہ کا کرایہ معاف کردیا۔

آل سٹی تاجر اتحاد اور میئر کراچی کے درمیان لاک ڈاؤن سے متاثرہ بازاروں اور دکان داروں کے حقوق کے لیے مثبت اور کامیاب مذاکرات ہوئے جس کے بعد میئر کراچی کے حکم پر کے ایم سی نے اپنے ماتحت ساڑھے 7 ہزار دکانوں کا دو ماہ کا کرایہ معاف کردیا جس سے دکان داروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔


میئر کراچی وسیم اختر، آل سٹی تاجر اتحاد حکیم شاہ، ڈپٹی میئر اور ان کی ٹیم کے ہمراہ فریئر ہال میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ دکان داروں کے حوالے سے میٹنگ ہوئی جس کا مقصد تاجر برادری کو ریلیف فراہم کرنا تھا۔ حکیم شاہ نے بتایا کہ میئر کراچی نے چھوٹے دکان داروں کے لیے کے ایم سی کی ماتحت دکانوں کا کرایہ معاف کردیا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔

میٹنگ میں میئر کراچی نے تاجروں کو پیکیج دینے کے حوالے سے وفاق سے بھی بات کرنے کا عندیہ دیا۔ میئر کراچی نے کہا ہے اس ضمن میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا فنڈ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم دکانوں کا ڈیٹا مرتب کرکے دیا جائے جس پر وفاق سے انہیں فنڈز کے ذریعے معاوضہ دلانے کی بات کی جاسکے۔


اجلاس میں انکروچمنٹ میں متاثرہ دکان داروں کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی جس پر وسیم اختر نے دکان داروں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
Load Next Story