پاکستان میں انٹرنیٹ رسائی کیلیے اسمارٹ فون اورٹیبلٹس کوترجیح

سال 2014 میں جدید موبائل فونز اورٹیبلیٹ کا استعمال روایتی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرزکو پیچھے چھوڑدیگا،گوگل سروے

اسمارٹ فونز پر آن لائن بینکاری و دیگر خدمات مقبول ہو رہی ہیں، پاکستان ڈیجیٹل کنزیومر اسٹڈی فوٹو: فائل

LOS ANGELES:
پاکستان میں اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ کمپیوٹر پر انٹرنیٹ کے استعمال کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، سال 2014کے دوران موبائل فون اور ٹیبلیٹ سمیت جدید فیچر پر مشتمل فونز کا استعمال روایتی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کو پیچھے چھوڑ دے گا، پاکستان انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافے کے رجحان کے سبب دنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی 6 منڈیوں میں شامل ہے جبکہ دیگر ممالک ایران، بھارت، چین، برازیل اور بنگلہ دیش ہیں۔

گوگل کے تعاون سے پاکستان میں کرائے گئے سروے سے ظاہر ہوا ہے کہ پاکستانی صارفین انٹرنیٹ کو 2014 میں ایک نئی سمت میں منتقل کررہے ہیں جو موبائل انٹرنیٹ کے ڈیسک ٹاپ انٹرنیٹ پر سبقت لے جانے کا سال ہو گا، 91فیصد افراد گھروں پر پرسنل کمپیوٹر کے مالک ہیں جس کی بنا پر ڈیسک ٹاپ غالب ہے تاہم 45 فیصد کے پاس اس کے ساتھ ساتھ اسمارٹ فون یا ٹیبلٹ بھی موجود ہے، 18 فیصد پرسنل کمپیوٹر کے بجائے ٹیبلٹ اور اسمارٹ فون کے استعمال کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔ سروے نتائج کے مطابق 86 فیصد افراد روزانہ انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے پرسنل کمپیوٹر استعمال کرتے ہیں، 77 فیصد اسمارٹ فون، 73 فیصد فیچرفون جبکہ 59 فیصد لوگ روزانہ ٹیبلٹ کا استعمال کرتے ہیں۔

پاکستانی انٹرنیٹ صارفین نے بجلی کے بحران کو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے جس کی وجہ سے اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے۔ گوگل کی منیجر برائے ایشیا گروتھ مارکیٹ گوگل ایشیا پیسفک تانیا ایڈرس نے کراچی میں میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ گوگل کے اندازے کے مطابق 2014 پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ ڈیسک ٹاپ انٹرنیٹ پر حاوی ہونے کا سال ثابت ہوگا۔




گوگل کے تحت آئی ڈی سی فرم کی جانب سے 1000سے زائد پاکستانیوں کے سروے کے بعد جاری کی گئی ''پاکستان ڈیجیٹل کنزیومر اسٹڈی'' نامی رپوٹ کے مطابق پاکستانی ڈیجیٹل صارفین اب پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ انٹرنیٹ سے منسلک رہتے ہیں۔ سروے میں شامل 70 فیصد افراد روزانہ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں جبکہ 60 فیصد کے مطابق انٹرنیٹ ہی وہ جگہ ہے۔

جہاں وہ اپنا زیادہ تر ذاتی وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔ ٹی وی دیکھنے والے افراد (41فیصد) اور اخبار پڑھنے والے افراد (24 فیصد) کا تناسب انٹرنیٹ کو ترجیح دینے والوں سے کم رہا، گھر انٹرنیٹ استعمال کرنے کے لیے سب سے زیادہ قابل ترجیح جگہ ہے، صرف موبائل استعمال کرنے والے بھی گھر کے وائی فائی کنکشن کی مدد سے انٹرنیٹ استعمال کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، ڈیسک ٹاپ اور موبائل انٹرنیٹ پر ہونے والی 3بنیادی سرگرمیوں میں سوشل میڈیا، ای میل اور عام ریسرچ شامل ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈیجیٹل پاکستانی اپنے اسمارٹ فونز پر آنے والے علمی مواد سے سیکھنا پسند کرتے ہیں، اس کے علاوہ اسمارٹ فونز پر آن لائن بینکنگ، مالی خدمات اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ریسرچ اور بلوں کی ادائیگی بھی مقبول ہیں۔
Load Next Story