پاکستان تجارتی رکاوٹیں ہٹائےسیکریٹری جنرل انڈین فیڈریشن

ایف آئی سی سی آئی حکام کی پاکستانی وفدسے ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق

دونوں ممالک کے درمیان فارماسیکٹر میں تعاون بڑھانے سے پاکستانی شہریوں کو سستی دوائیں مہیا کی جا سکتی ہیں،افتخار ملک۔ فوٹو:فائل

NEW YORK:
انڈین فیڈریشن چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر دلدارسنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافے کے لیے تاجروں کا وفد فروری میں پاکستان کا دورہ کرے گا، بھارتی وفد دورے کے دوران پاکستانی تاجروں اور حکام سے ملاقات کے علاوہ لاہور میں میڈ ان انڈیا نمائش کا انعقاد کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارت کا دورہ کرنے والے پاکستانی تجارتی وفد سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں تاجر برادری نے دونوں ممالک کے درمیان، دواؤں، زراعت اور آٹو انڈسٹری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، پاکستانی وفد کی سربراہی سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک کررہے تھے، وفد میں پاک انڈیا چیمبر آف کامرس کے سربراہ ایس ایم منیر، زبیر طفیل، ایس ایم نصیر اور زبیر طفیل شامل تھے۔ ڈاکٹر دلدار سنگھ نے کہاکہ دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے رکاوٹوں کو دور کرنا ضروری ہے، پاکستانی حکومت اس سلسلے میں یقین دہانی کرا چکی ہے مگر عملی اقدام نہیں کیے جا رہے۔




اس موقع پر افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے دو طرفہ تجارت کی راہ میں حائل متعدد رکاوٹوں کو دور کردیا ہے، پاکستان نے اب صرف بھارت کے لیے پسندیدہ ترین ملک کا اعلان کرنا ہے جس کے لیے وزیراعظم میاں نواز شریف بھارتی ہم منصب کے ساتھ جلد مذاکرات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فارماسیکٹر میں تعاون بڑھانے سے پاکستانی شہریوں کو سستی دوائیں مہیا کی جا سکتی ہیں جبکہ آٹوسیکٹرمیں تعاون بڑھانے سے بھی پاکستانی صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری دونوں ممالک کے درمیان حالات سازگار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ایم ایم منیر نے کہا کہ دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لیے انڈین فیڈریشن آف چیمبر اینڈ کامرس اپنا کردار بہتر طریقے سے ادا کرسکتا ہے۔
Load Next Story