رینجرز نے بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو بازیاب کرا کر 6 ملزم پکڑ لیے

ناکہ بندی کے دوران اغوا کی گئی بس کے فرار پر رینجرز نے پیچھا کرکے ملزمان کو حراست میں لیا

یونیورسٹی روڈ سے بس اغوا کرنے والے ملزمان گرفتاری کے بعد رینجرز ہیڈ کوارٹر میں کھڑے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

یونیورسٹی روڈ پر رینجرز نے تعاقب کے بعد منی بس کے ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو بازیاب کر کے6 ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

رینجرز نے نیپا چورنگی کے قریب بس کو روکا تھا، تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی روڈ نیپا چورنگی کے قریب رینجرز کو خفیہ اطلاع ملی کہ مسلح ملزمان نے ایک منی بس کو اغوا کر لیا ہے اور اس میں موجود ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو یرغمال بنا کر لے نامعلوم مقام پر لے جا رہے ہیں۔




جس پر رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کی ناکہ بندی کر لی ، نیپا چورنگی کے قریب نیپا چورنگی کے قریب رینجرز اہلکاروں نے ناکہ بندی کے دوران مشتبہ منی بس کو رکنے کا اشارہ کیا تو وہ نہیں رکی ۔



جس پر رینجرز نے منی بس کا تعاقب کر کے کچھ فاصلے پر جا کر اسے روک لیا اور اس میں سوار 6 مبینہ ملزمان ملک عارف، محمد سکندر ، محمد سلیمان ، محمد ناصر ، محمد جمیل اور اقبال کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ دونوں مغویوں محمد اسلم اور نذیر احمد کو بازیاب کرا لیا ، حراست میں لیے جانے والے ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔
Load Next Story