جونیئر ورلڈکپ پاکستانی ٹیم کو ویزے میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی مداخلت سے معاملہ حل ہوا،بھارتی میڈیا کا انکشاف

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ویزے کے حصول میں مشکلات پر انٹرنیشنل باڈی ایف آئی ایچ سے رابطہ کیا تھا۔ فوٹو: فائل

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کیلیے پاکستانی ٹیم کو ویزے میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا، انٹرنیشنل فیڈریشن کی مداخلت سے معاملہ حل ہوا، یہ انکشاف گذشتہ روز بھارتی میڈیا نے کیا۔

ہاکی انڈیاکے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ویزے کے حصول میں مشکلات پر انٹرنیشنل باڈی ایف آئی ایچ سے رابطہ کیا تھا،بعدازاں ایچ آئی نے یہ مسئلہ حل کرایا۔ اس ضمن میں ہاکی انڈیاکے آفیشل نے کہاکہ مہمان اسکواڈ کی آمد ہمارے لیے بڑے اطمینان کا باعث ہے، اسے ویزے جاری ہونے تک ہمیں کچھ پریشانی رہی لیکن اب کوئی مسئلہ نہیں ہے، ٹیم سڑک کے راستے واہگہ پہنچی اور پھر امرتسر سے براستہ ہوائی جہاز نئی دہلی آئی۔دوسری جانب پاکستانی ہاکی ٹیم جونیئر ورلڈ کپ میں فتح اور فائنل میں بھارت سے مقابلے کیلیے پُرامید ہے، گرین شرٹس کے گروپ میں دفاعی چیمپئن جرمنی، بیلجیئم اور مصر شامل ہیں، روایتی حریف ٹیموں نے ایک، ایک مرتبہ ٹائٹل جیتا جبکہ جرمنی5 مرتبہ چیمپئن بن چکا ہے۔




حالیہ ایونٹ6 سے 15 دسمبر تک ہو گا،1982 میں ایشین گیمز کے فائنل میں پاکستان کی بھارت کیخلاف7-1 کی شاندار فتح کے رکن و موجودہ کوچ دانش کلیم ٹائٹل جیتنے کیلیے پُراعتماد ہیں، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت میں کھیلنا اچھا ہے، دونوں ٹیموں کے مابین رقابت ہمیشہ دلچسپ رہی اور مجھے امید ہے کہ ہم فائنل میں آمنے سامنے ہوںگے ۔ یاد رہے کہ پاکستانی ہاکی ان دنوں مشکل دور سے گذر رہی ہے کیونکہ وہ ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی نہیں کرسکی۔ کوچ کو امید ہے کہ جونیئر پلیئرز سینئرز کا خلا پُر کرلیں گے جس سے مسائل حل ہونے کا امکان ہے۔ دریں اثنا بھارت ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں یورپیئن طاقتور ٹیم نیدرلینڈز کے مقابل ہوگا، وہ گروپ سی میں جنوبی کوریا اور کینیڈا کے ساتھ ہے، دفاعی چیمپئن جرمنی پول اے میں پاکستان، بیلجیئم اور مصر کے ساتھ موجود ہے، پول بی میں آسٹریلیا ، اسپین، ارجنٹائن اور فرانس جبکہ ڈی میں انگلینڈ ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
Load Next Story