اٹلس ہونڈا کمپنی کا60کروڑکی نئی سرمایہ کاری کااعلان

شیخوپورہ پلانٹ کی پیداواری گنجائش7.5لاکھ سے 8.5لاکھ یونٹ سالانہ تک بڑھائی جائیگی۔

توسیعی منصوبہ ایک سال میںمکمل ہوگا،موٹرسائیکلیں برآمدبھی کررہے ہیں، سربراہ آر اینڈ ڈی ۔فوٹو : فائل

اٹلس ہونڈا کمپنی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے 60کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کریگی،اس سرمائے سے شیخوپورہ میں واقع مینوفیکچرنگ پلانٹ کی پیداواری گنجائش 7.5لاکھ سے بڑھا کر 8.5لاکھ یونٹ سالانہ تک بڑھائی جائیگی۔

کمپنی نے اپنی جدید ترین پینٹ شاپ کی پیداواری گنجائش پہلے ہی بڑھا کر 10لاکھ یونٹ سالانہ تک پہنچادی ہے۔اٹلس ہونڈا کے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے شیخوہ پورہ میں کمپنی پلانٹ کے دورے پر بتایا کہ اٹلس ہونڈا کے قیام کو 50سال مکمل ہوگئے، جاپانی اور پاکستانی کمپنی کے مابین 1962 میں کاروباری معاہدہ ہواتھا، 50سال میں اٹلس ہونڈا نے پاکستانی موٹرسائیکل سازی کی صنعت میں ٹیکنالوجی کی فراہمی اور مقامی سطح پر وینڈر انڈسٹری کی ترقی کیلیے اہم کردار ادا کیا اور پیداواری گنجائش میں توسیع کیلیے مزید سرمایہ کاری پاکستانی معیشت پر پختہ یقین کا اظہار ہے، توسیعی منصوبہ ایک سال میں مکمل کیا جائیگا جس کے بعد پیداواری گنجائش میں مزید ایک لاکھ یونٹ سالانہ کا اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہونڈا کی ہر موٹرسائیکل 27سیکنڈمیں تیار کی جاتی ہے، توسیع کے بعد 18سیکنڈ میں موٹرسائیکل تیار کی جاسکے گی، توسیع کا عمل جون 2015تک مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سی ڈی 70 موٹرسائیکل94 فیصد لوکلائز کی جاچکی ہے۔




125موٹرسائیکل90فیصد جبکہ پرائڈر اور ڈریم 80فیصد تک مقامی طور پر تیار کی جارہی ہیں، حال ہی میں متعارف کرائی جانے والی ہونڈا ڈریم کو اچھا رسپانس مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہونڈا موٹرسائیکلیں افغانستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کو ایکسپورٹ کی جا رہی ہیں، ایران پر اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کی صورت میں ایران پاکستانی موٹرسائیکلوں بالخصوص 125 موٹرسائیکلوں کی بڑی مارکیٹ بن سکتا ہے اور سالانہ ایک لاکھ یونٹ تک ایران کو ایکسپورٹ کیے جاسکتے ہیں، اٹلس ہونڈا کا اگلا ہدف افریقی مارکیٹ ہوگا تاہم ایکسپورٹ بڑھانے اور مقا می سطح پر درپیش چیلنجز کے خاتمے کے لیے حکومت کی سپورٹ ناگزیر ہے، بھارتی صنعت نے بھی حکومت کی مکمل سرپرستی اور تعاون کی بدولت ترقی کی ہے انہوں نے بتایا کہ سال 2013میں کمپنی نے 6لاکھ 29ہزار 789یونٹ فروخت کیے، کمپنی کی مجموعی فروخت 42.325ارب روپے رہی، کمپنی نے گزشتہ مالی سال 8ارب روپے کے محصولات ادا کیے۔
Load Next Story