ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 30 ہزار سے زائد ہوگئی، 659 جاں بحق

 اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 2 ہزار سے زائد کیسز سامنے آںے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 30 ہزار 334 تک جاپہنچی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 659 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 13 ہزار 341  ٹیسٹ کیے گئے جس میں ریکارڈ دو ہزار سے زائد مریضوں میں مرض کی تشخیص ہوئی جس کے بعد کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 30 ہزار 334 تک جا پہنچی ہے۔

کہاں کتنے مریض

کورونا وائرس کے پنجاب میں 11 ہزار 93، سندھ میں 11 ہزار 480، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 669، بلوچستان میں ایک ہزار 935، اسلام آباد میں 641، گلگت بلتستان میں 430 اور آزاد کشمیر میں 86 افراد میں اس کی تصدیق ہوئی ہے۔ کورونا وائرس سے متاثرہ 8 ہزار 63 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

659 افراد جاں بحق

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 21 افراد کورونا کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ 155 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے سب سے زیادہ 234 مریض خیبر پختونخوا میں جاں بحق ہوئے۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 192، سندھ میں 180، بلوچستان 24، اسلام آباد 5 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

سندھ میں بھی لاک ڈاؤن میں نرمی

سندھ حکومت نے بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کرتے ہوئے پیر کے روز سے ریٹیل مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اموات بڑھ رہی ہیں لیکن روزگار نہیں چھین سکتے

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز اور اموات بڑھ رہی ہیں لیکن لوگوں سے ان کا روزگار نہیں چھینا جاسکتا۔

پنجاب میں ہوم آئیسولیشن کی اجازت

حکومت پنجاب نے کورونا کے مریضوں کی ہوم آئیسولیشن کیلئے قواعد و ضوابط جاری کردئیے ہیں جس کے تحت کسی بھی مریض کو گھر میں قرنطینہ اختیار کرنے کی اجازت خصوصی ضلعی کمیٹی دے گی۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔