انگلینڈ نے آسٹریلیا پر غلبے کا سنہری موقع گنوا دیا 3 کیچز ڈراپ

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں میزبان کے 5 وکٹ پر273 رنز، روجرز، واٹسن اور بیلی کی ففٹیز

ایڈیلیڈ ٹیسٹ : پہلے دن آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کے شاٹ پر انگلش قائد الیسٹر کک ڈائیو لگا کر گیند روکنے کی کوشش کررہے ہیں، فوٹو: اے ایف پی

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 3کیچز ڈراپ کر کے آسٹریلیا پر غلبہ پانے کا سنہری موقع گنوا دیا۔

میزبان نے پہلے دن کا اختتام5 وکٹ 273 رنز پر کیا، کرس روجرز، شین واٹسن اور جارج بیلی نے نصف سنچریاں بنائیں، کپتان مائیکل کلارک 48پر ناٹ آئوٹ رہے،اسٹورٹ براڈ نے2 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ اوول میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے والی میزبان ٹیم کو پہلا نقصان 34 رنز پر برداشت کرنا پڑا، ڈیوڈ وارنر (29) براڈ کی گیند پر کیربری کو کیچ تھما کر چلتے بنے، کرس روجرز اور شین واٹسن نے 121 رنز کی شراکت سے ابتدائی نقصان کا ازالہ کیا، چائے کے وقفے سے قبل آدھے گھنٹے میں 3 وکٹیں لے کر مہمان سائیڈ کھیل میں واپس آ گئی، شین واٹسن (51) نے اینڈرسن کو ریٹرن کیچ تھمایا، روجرز 72 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پرائر کا کیچ ثابت ہوئے، سوان نے پہلی وکٹ کا جشن منایا، اسٹیون اسمتھ (6) پنیسر کی گیند پر بولڈ ہو گئے،174پر 4 وکٹیں گرنے سے انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم ہو گی،ایسے میں 10کے انفرادی اسکور پر بیلی کا پنیسر نے مشکل ریٹرن کیچ چھوڑدیا، اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انھوں نے مائیکل کلارک کے ساتھ84رنز کی شراکت بنا دی۔




سوان کی گیند پر کپتان بھی 18رنز پر آئوٹ ہونے سے بال بال بچے جب مڈ وکٹ پر موجود جوئے روٹ ڈائیو لگا کر بھی کیچ کو قابو نہ کر سکے،آسٹریلیا4 وکٹ پر257 رنز بنا کر مضبوط پوزیشن پر تھا کہ اختتامی لمحات میں سوان نے اسکوائر لیگ پر اچھل کر جارج بیلی کا کیچ تھام لیا، کینگرو بیٹسمین نے اسٹورٹ براڈ کو ہک کرتے ہوئے وکٹ گنوائی، وہ 53 رنز کی اننگز کے دوران خاصے جارحانہ موڈ میں نظر آئے، انھوں نے پنیسر کو 2جبکہ براڈ کو ایک چھکا رسید کیا، بیلی کی وکٹ سے انگلینڈکو کھیل میں واپس آنے کا موقع مل گیا، ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم ہو سکتی تھی مگر بیک ورڈ پوائنٹ پر ہیڈن کا آسان کیچ مائیکل کیربری نہ پکڑ سکے،میزبان نے دن کا اختتام 5 وکٹ پر273 کے اسکور پر کیا، کپتان مائیکل کلارک 48 اور بریڈ ہیڈن7پر ناٹ آئوٹ رہے، براڈ نے 2 وکٹوں کیلیے 63رنز دیے۔
Load Next Story