بلوچ کالونی میں گھر کی دیوار گرنے سے ایک بچہ ہلاک5بچے زخمی

پھل فروش بابو نے کورنگی ندی کے بند سے متصل کچی زمین پر مکان تعمیر کیاتھا،ایف آئی آر درج کرانے سے انکار

بابو نے اپنے گھر کی دیوار کورنگی ندی کے بند سے متصل کچی زمین پر مکان کی تعمیر کی تھی

بلوچ کالونی میں گھر کی دیوار گرنے سے ملبے کے نیچے دب کر ایک بچہ ہلاک اور3 بھائیوں اور ایک لڑکی سمیت5بچے زخمی ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی کے علاقے دا دا بھائی ٹاؤن کچی آباد ی اﷲ والی مسجد کے قریب واقع ایک مکان کی دیوار گرنے سے اس کے ملبے کے نیچے دب کر4سالہ محمد سمیع ولد بابو ہلاک جبکہ اس کے3 بھائی7سالہ محمد حماد ،8سالہ محمد احسان ، 5سالہ غلام رسول ، 4سالہ محمد سرور ولد محمد صفدر اور4 سالہ بچی لیلیٰ زخمی ہو گئی ، ہلاک و زخمی ہونے والے بچوں کو جناح اسپتال پہنچایا گیا ، واقع کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ، پولیس کے مطابق متاثرہ مکان کے مالک بابو کا آبائی تعلق پنجاب سے ہے جو2 سال قبل تک اندرون سندھ نواب شاہ میں رہائش پذیر تھا ، وہاں سے روز گار کی تلاش میں کراچی آگیا ۔




بابو پھل کا ٹھیلا لگاتا ہے ، بابو نے اپنے گھر کی دیوار کورنگی ندی کے بند سے متصل کچی زمین پر مکان کی تعمیر کی تھی ، مکان کی دیوار بنانے کیلیے اس نے انتہائی کم عقلی کا مظاہرہ کیا اور زمین پر بلاک رکھ کر6فٹ سے زائد اونچی دیوار تعمیر کر دی تھی جو پر اسرار طور پر گر گئی ، واقعے کے وقت بابو کے بچے ، بھتیجی لیلا اور بھانجا اس کے گھر آئے ہوئے تھے اور اس کے بچوں کے ساتھ کھیل رہے تھے ، زخمی ہونے والے بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ، ہلاک ہونے والے بچے محمد سمیع کی لاش پولیس کارروائی کے بعد اس کے والد بابو کے سپرد کر دی گئی ، بابو نے پولیس کو اپنے بیان میں واقعے کو اتفاقیہ حادثہ قرار دیتے ہوئے ایف آئی آر درج کرانے سے انکار کر دیا۔
Load Next Story