پاکستان ہاکی فیڈریشن مالی بحران کا شکار ہوگئی

جونیئر ٹیم کو بھارت بھجوانے کے بعد اکاؤنٹ میں صرف 6 لاکھ روپے باقی رہ گئے

عہدیداروں نے معاملات چلانے کے لیے حکومت سے مالی امداد کی اپیل کردی۔ فوٹو: فائل

PARIS:
پاکستان ہاکی فیڈریشن مالی بحران کا شکارہوگئی، جونیئر ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے بھجوانے پر اخراجات کے بعد اکائونٹ میں صرف 6 لاکھ روپے رہ گئے، عہدیداروں نے معاملات چلانے کیلیے حکومت سے مالی امداد کی اپیل کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی کو عظمت رفتہ کی طرف واپس لے جانے کیلیے خصوصی مہم کا آغاز کرتے ہوئے پی ایچ ایف کو مختلف حکومتی حلقوں کی طرف سے ایک ارب کے قریب گرانٹ جاری کی گئی تاہم نتائج میں کچھ خاص بہتری دیکھنے میں نہیں آئی، ذرائع کے مطابق جونیئر ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے بھارت بھجوانے پر اخراجات کے بعد فیڈریشن کے اکاؤنٹ میں اب صرف 6 لاکھ باقی رہ گئے ہیں، 22 کھلاڑیوں کو 20 ماہ سے ماہانہ مراعاتی پیکج کی ادائیگی نہیں کی گئی، انھیں مارچ 2012 میں آخری مرتبہ رقم ادا کی گئی تھی جس کی وجہ سے بیشتر معاشی مسائل سے دوچار ہیں۔




اختر رسول کی سربراہی میں قائم پی ایچ ایف کی نئی مینجمنٹ نے پی ایچ ایف کے پیٹرن انچیف وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کا وقت مانگ لیا تاکہ انھیں مالی بحران سے دوچار فیڈریشن کی صورتحال سے آگاہ کیا جاسکے، فیڈریشن نے ہاکی سرگرمیاں بحال رکھنی کیلیے حکومت سے فوری مالی امداد کی اپیل بھی کی ہے تاکہ تربیتی کیمپس اور فیڈریشن کے اسٹاف اور کھلاڑیوں کو مراعاتی پیکیج کے تحت ادائیگیاں کی جاسکیں۔
Load Next Story