کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلے کا معیار اہلیت ہے

طلبہ اور طالبات سے انٹرویو کا عمل 5دسمبر سے شروع ہوگا، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ رؤف اختر کے ایم ڈی سی میں داخلوں کے حوالے سے انٹرویو پینل سے گفتگو کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹررئوف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں اہلیت کو داخلے کا معیار قرار دیا گیا ہے اور اس پر100 فیصد عمل کیا جا رہا ہے ۔

کیونکہ مختلف شعبہ جات میں افراد سے بہترین کارکردگی کی توقع جب ہی رکھی جاسکتی ہے جب انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اداروں اور محکموں میں اہلیت کو مدنظر رکھا جائے، یہ بات انھوں نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلوں کیلیے طلبہ و طالبات کے انٹرویوزکے موقع پرکالج کا دورہ کرتے ہوئے کہی، پرنسپل کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ڈاکٹر وقار کاظمی ، انٹرویو پینل کے ممبران پروفیسر نائلہ ظہیر، ڈاکٹر زبیر عباسی، پروفیسر فریدہ اسلام، ڈائریکٹر فنانس کے ایم ڈی سی رفیع مرشد خان، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نرگس شگفتہ ، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن وسیم احمد دیگر افسران سمیت طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کی ایک بڑی تعداد بھی حتمی انٹرویوکے سلسلے میں کالج میں موجود تھی، طلبہ و طالبات سے انٹرویو کا عمل 5دسمبرکو شروع ہواجو 7دسمبر تک جاری رہے گا۔




مذکورہ طلبا و طالبات کے انٹری ٹیسٹ گزشہ ماہ 17نومبر کو منعقد کئے گئے تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی نے کہا کہ کالج انتظامیہ نئے آنے والے طلبہ کو تمام تر سہولیتیں فراہم کرے اور داخلے کے سلسلے میں طلبہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے، انھوں نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی تعلیم و تربیت سے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے اور جدید دنیا سے ہم آہنگ ہوسکتا ہے، انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک خصوصاً دیہی علاقوں میں طبی سہولتوں کی بے انتہا کمی ہے اور میڈیکل کے شعبے میں ہزاروں کی تعداد میں ڈاکٹروں اور ماہرین کی ضرورت ہے یہ ایک ایسا معزز شعبہ ہے جس سے نہ صرف مستقبل بہتر ہوتا ہے بلکہ انسانیت کی خدمت کرکے دنیا و آخرت کو سنوارا جاسکتا ہے، ڈاکٹر وقار کاظمی نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی 350سیٹیوں کے لئے ایم بی بی ایس میں 250اور بی ڈی ایس میں 100طلبہ کو داخلے دیے جائیں گے۔
Load Next Story