اسپیشل اولمپکس ایشیا پیسفک گیمز پاکستان 51 میڈلز جیتنے میں سرخرو

اختتامی دن ملکی ایتھلیٹس نے 28 تمغے اپنے نام کیے، پلیئرز پیر کو وطن واپس پہنچیں گے

گیمز کے آخری روز پاکستانی کھلاڑیوں نے مزید28 میڈلز کا اضافہ کیا ۔ فوٹو: فائل

آسڑیلیا کے شہر نیو کاسل میں ہونے والے اسپیشل اولمپکس ایشیا پیسفک گیمز 2013جمعرات کو اختتام پذیر ہوگئے، پاکستان نے گیمز میں مجموعی طور پر51 تمغے حاصل کیے۔

گیمز کے آخری روز پاکستانی کھلاڑیوں نے مزید28 میڈلز کا اضافہ کیا، سب سے زیادہ تمغے بوکی(بالنگ) میں حاصل کیے گئے جن میں 8گولڈ،3 سلوراور 4 برانز میڈلز شامل ہیں، سہیل خان نے بیڈمنٹن میں مجموعی طورپر 3 گولڈ میڈلزاپنے نام کیے،جمعے کو گیمز کی تقریب تقسیم انعامات ہوگی، موصولہ اطلاعات کے مطابق عاطف علی، محمد حسیب عباسی،عبدالوہاج خان اورمحمد علی طاہر نے بوکی کے مردوں کے مختلف مقابلوں میں گولڈ میڈلز جیتے جبکہ ماریہ ذوالفقار اور صائمہ تبسم نے خواتین سنگلز کے مختلف درجات میں طلائی تمغے اپنے نام کیے،مینز ڈبلز میں عاطف علی اور حسیب نے جبکہ ویمنز ڈبلز میں عظمت تارا اورنبیلہ مختار نے گولڈ میڈلز پر قبضہ جمایا،صبا اورنمرانے ویمنز سنگلز کے مختلف درجات میں سلور میڈلز اپنے نام کیے جبکہ صابر شبیر اور شمائلہ نے ویمنز ڈبلزمیں سلور میڈل حاصل کیا۔




پاکستان نے ایتھلیٹکس مقابلوں میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اورمجموعی طور پرایک گولڈ،2 سلوراور3 برانز میڈلز جیت لیے، عمران حسنین نے لانگ جمپ ڈویژن7 میں سونے کا تمغہ گلے کا ہار بنایا، تہمینہ نے خواتین کے شاٹ پٹ ایونٹ میں نقرئی تمغہ جیتا جبکہ گوہر علی نے 100 میٹر کی دوڑ میں سلور میڈل حاصل کرلیا،ثنا علی اور رضیہ منظور نے ویمنز 200میٹرز کے مختلف درجات میں برانزمیڈل جیتے،اس کے علاوہ عمران،نادر، صہیب اور اسامہ مصطفیٰ پر مشتمل ٹیم نے مردوں کی 4x100ریلے ریس میںتیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل جیت لیا،گزشتہ روز بیڈمنٹن میںطلائی تمغہ حاصل کرنے والے سہیل خان نے آخری روز بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے مینز ڈبلز میںنعمان کی شراکت میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد قرۃ العین کی ہمراہی میںمکسڈ ڈبلز ٹائٹل بھی جیت کر تیسرا گولڈ میڈل حاصل کیا۔

پاکستان نے ٹیبل ٹینس میں بھی 2گولڈ میڈلز جیتے،انعم احمد اورجاذب نوید کے علاوہ ایمان خان اور عطیہ نے ویمنز ڈبلز کے درجات میں اپنے ملک کو طلائی تمغے دلوائے،پاکستان نے باسکٹ بال اور فٹبال کے فائنل تک رسائی حاصل کی مگر ٹائٹل نہ جیت سکا،اس طرح پاکستان کو ان دونوں ایونٹس میں سلور میڈلز پر ہی اکتفا کرنا پڑا،جمعہ کو ہنٹر اسٹیڈیم میں گیمز کی اختتامی تقریب منعقد ہوگی، بعدازاں 78 رکنی قومی دستہ واپس وطن روانہ ہو جائے گا، کراچی کے کھلاڑی پیرکی شب پاکستان پہنچیں گے جبکہ لاہور اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی و آفیشلز کی آمد اگلے روز ( منگل ) کو ہوگی، قومی دستے میں 60کھلاڑی اور18 آفیشلزشامل ہیں۔
Load Next Story