گرفن اسکواش فرحان زمان کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

حمزہ شاہ بخاری اور یاسر علی بٹ کی ہمت پہلے ہی راؤنڈ میں جواب دے گئی

تیسرے گیم میں قومی اسٹار نے یکطرفہ مقابلے میں حریف کھلاڑی کو 11-5 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی پالی۔ فوٹو: فائل

گرفن اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں فرحان زمان کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، حمزہ شاہ بخاری اور یاسر علی بٹ کی ہمت پہلے ہی راؤنڈ میں جواب دے گئی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں جاری گرفن اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستانی اسٹار فرحان زمان نے ابتدائی رائونڈ میچ میں ویلز کے پیٹر گریڈ کو 3-0 سے زیر کرلیا، سیکنڈ سیڈ پلیئر نے پہلا گیم 11-9 سے جیتا، دوسرے میں بھی ویلز کے کھلاڑی مکمل طور پر بجھے بجھے دکھائی دیے اورفرحان نے با آسانی11-6 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے برتری 2-0 کرلی۔ تیسرے گیم میں قومی اسٹار نے یکطرفہ مقابلے میں حریف کھلاڑی کو 11-5 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی پالی۔




ایک اور میچ میں پاکستانی پلیئر حمزہ شاہ بخاری ٹاپ سیڈ الفریڈواویلا کے ہاتھوں 3-0 سے ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ حمزہ نے پہلے گیم میں حریف کھلاڑی کو ٹف ٹائم دیا مگر آخری لمحات میں چند عمدہ شارٹس نے الفریڈو کو13-11 سے کامیابی دلا دی۔ دوسرے گیم میں پاکستانی کھلاڑی 11-6 سے ناکام ہوئے، تیسرے میں مقابلہ تو خوب کیا مگر 13-11 سے ناکامی نے انھیں ایونٹ سے آئوٹ کردیا۔ تھرڈ سیڈ یاسر علی بٹ انگلینڈ کے روبن فلپس کے ہاتھوں 3-1 سے ہار گئے۔ روبن کی فتح کا اسکور11-9،9-11،11-7 اور11-6 رہا۔ فرحان زمان کوارٹر فائنل میں ہفتے کو میکسیکن ایرک الویز کیخلاف مقابلے کیلیے کورٹ میں اتریں گے۔
Load Next Story