فیشن انڈسٹری میں منفرد پہچان بنالی اب میری اگلی منزل فلم نگری ہے نادیہ حسین

پاکستان فیشن انڈسٹری میں کام کرنیوالے باصلاحیت لوگوں نے ملک کا نام دیارغیر میں بھی روشن کیا ہے، سپر ماڈل نادیہ حسین

ہمیشہ کوشش کی ہے کہ کم مگر معیاری کام کروں،نادیہ حسین فوٹو: فائل

پاکستان فیشن انڈسٹری پر برسوں سے راج کرنیوالی سُپر ماڈل نادیہ حسین نے آئندہ برس بزنس میں قدم رکھنے کے ساتھ فلموں میں بھی اداکاری کا فیصلہ کر لیا۔

نادیہ حسین نے گزشتہ روز ''نمائندہ ایکسپریس'' کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی فٹنس کا راز پرہیزی خوراک اور ورزش ہے، اگر اس پر توجہ دی جائے تو شخصیت پرکشش دکھائی دیتی ہے، خود کو جازب نظر بنانے کے لیے ہمیں اپنے چہرے کا خیال رکھنا چاہیے۔ دھول، مٹی سے بچنے کے ساتھ ساتھ سبزیاں اور فریش جوس کا استعمال بھی کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان فیشن انڈسٹری میں کام کرنے والے باصلاحیت لوگوں نے ملک کا نام دیارغیر میں بھی روشن کیا ہے، ہمارے ملک میں بھی اب تمام عمر کے لوگ فیشن کو پسند کرتے ہیں جس کا کریڈٹ فیشن انڈسٹری کو جاتا ہے، سجنا سنورنا تو خواتین کا خاصا تھا لیکن اب مرد حضرات بھی اپنے سجنے سنورنے پر خاصی توجہ دیتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی شخصیت پروقار لگتی ہے۔

جہاں تک میری بات ہے تو بطور ماڈل میں فوٹو شوٹس، ٹی وی کمرشلز، کیٹ واک اور کبھی کبھار ٹی وی ڈراموں میں اداکاری بھی کرتی ہوں لیکن اب میں نے فلموں میں اداکاری کرنے کا ارادہ کر لیا ہے، مجھے فلموں میں اداکاری کے لیے آفرز کا سلسلہ تو پرانا ہے لیکن میں نے کبھی اس پر زیادہ توجہ نہیں دی تھی، جس کی وجہ ہمارے ہاں بننے والی فارمولا فلمیں تھیں، حال ہی میں ریلیز ہونے والی ایک پاکستانی فلم میں مرکزی کردار کے لیے مجھ سے رابطہ کیا گیا تھا لیکن میں نے اپنی مصروفیت اور عدم دلچسپی کی وجہ سے اس پراجیکٹ کو سائن نہ کیا۔ مگر میرے قریبی دوست ہمیشہ سے یہ چاہتے تھے کہ مجھے فیشن انڈسٹری میں ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ اداکاری بھی کرنی چاہیے، جس کے لیے اب میں نے سنجیدگی سے سوچنا شروع کر دیا ہے، اب مجھے کوئی بھی اچھی فلم اور کردارآفر ہوا تو میں اس میں ضرور کام کرونگی، اسوقت بہت سے پڑھے لکھے نوجوان فنکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر فلم انڈسٹری سے وابستہ ہو چکے ہیں اور وہ لوگ بین الاقوامی معیار کی فلمیں بنا رہے ہیں، اس لیے پاکستان فلم انڈسٹری کا مستقبل روشن دکھائی دیتا ہے۔




انھوں نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں بہتری اس وقت تک نہیں آتی جب تک وہاں پر نوجوانوں کو کام کرنے کا موقع نہیں ملتا، مگر خوش قسمتی سے اب پاکستانی فلموں کا معیار بہتر ہو رہا ہے اور اس کی بدولت کراچی اور لاہور میں بہت سے اچھے موضوعات پر فلمیں بنائی جا رہی ہیں جس کے بارے میں جان کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جہاں تک میری بات ہے تو میں اداکاری کر چکی ہوں اور اب میں کسی چیلنجنگ رول کی تلاش میں ہوں جو اداکاری میں میری پہچان بنے، فیشن انڈسٹری میں تو اپنے منفرد کام کیوجہ سے مجھے ایک الگ پہچان مل چکی ہے لیکن اب میری اگلی منزل فلم ہے جس کے لیے مجھ سے دو معروف پرائیویٹ پروڈکشن اداروں نے رابطہ کیا ہے لیکن میں فلم کی کہانی اور اپنے کردار بارے جاننے کے بعد ہی فلم سائن کرنے کا حتمی فیصلہ لونگی۔

انھوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ کم کام کروں، مگر معیاری کام کروں، اپنی اس بات پر میں شروع سے قائم ہوں اور اسی لیے آج اس مقام پر ہوں، جب نادیہ حسین سے پوچھا گیا کہ وہ بہت سی اداکارائوں اور ماڈلز کی طرح کاروباری دنیا میں بھی قدم رکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں تو انھوں نے اس سوال کے جواب میںکہا کہ کراچی میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ایک سیلون بنا رہی ہوں جس کی اوپننگ آئندہ برس جنوری میں ہو گی، اس سیلون میں جہاں خواتین کو میک اپ سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیںگی ، وہیں ان کو نازک جلد کی حفاظت کے لیے اہم ٹپس بھی دی جائیں گی، کیونکہ میں ایک ڈاکٹر بھی ہوں اس لیے میں ان کو اپنی شخصیت کو پرکشش بنانے کے نسخوں کے علاوہ فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے خوراک، ورزش اور دیگر ٹپس بھی دیا کرونگی، اگر ان چیزوں پر عمل کیا جائے گا تو ایک طرف صحت اچھی رہے گی اور دوسری جانب شخصیت میں نکھار آئے گا اور خواتین توجہ کا مرکز بھی بنیں گی۔
Load Next Story