دنیا کورونا سے نبردآزما اور بھارتی فورسز کشمیریوں کو شہید کررہی ہیں، پاکستان

 اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ دنیا کرونا سے نبرد آزما ہے اور بھارتی فورسز جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کو شہید کر رہی ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے پاکستان بھارتی وزیر دفاع کے آزاد کشمیر اور جموں کشمیر کے حوالے سے بے بنیاد بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیان پاکستان مخالف جنون کی عکاسی اور کشمیر میں ریاستی دہشتگردی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ 5 اگست کا بھارتی اقدام مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کی بھارتی سازش کا حصہ ہے، جموں و کشمیر میں ڈومیسائل جیسے قوانین کشمیریوں کے حقوق دبانے کی کوشش ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

پاکستان نے مزید کہا ہے کہ  دنیا کرونا سے نبردآزما ہے اور بھارتی فورسز جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کو شہید کر رہی ہیں، کشمیریوں کو اپنے پیاروں کے جنازوں تک کی اجازت نہیں، بی جے پی سرکار بندوق کی نوک پر دس ماہ سے لاک ڈاوٴن کئے ہوئے ہے، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور مواصلاتی پابندیاں عالمی و انسانی حقوق کے برخلاف ہیں۔