پولیس اور تاجر برادری پر مشتمل لائژن کمیٹیاں قائم کی جائینگی

شیرشاہ مارکیٹ کے 30 داخلی راستوں پرپولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جارہا ہے ،اے آئی جی.

شیرشاہ مارکیٹ کے 30 داخلی راستوں پرپولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جارہا ہے ،اے آئی جی

ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود نے کہا ہے کہ شیر شاہ مارکیٹ کے30سے زائد داخلی راستوں پر پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ اندرون مارکیٹ پولیس گشت کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔


پولیس اور تاجر برادری پر مشتمل لائژن کمیٹیاں مارکیٹوں کی سطح پر قائم کی جائیں گی جو متعلقہ تھانوں سے رابطے میں رہتے ہوئے سیکیورٹی کے حوالے سے یا دیگر مسائل کے حل کیلیے تمام تر ممکنہ اقدامات کو یقینی بنائیں گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے آل کراچی انجمن تاجران ایسوسی ایشن کے18رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس کی سربراہی محمد خان اور رفیق جدون کررہے تھے۔

اس موقع پر پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے، اقبال محمود نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ مارکیٹوں میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے وہ خود کراچی کی مرکزی مارکیٹوں جس میں صدر، بوہری بازار، ملیر، قائد آباد اور شیر شاہ وغیرہ شامل ہیں کا دورہ کرینگے اور سیکیورٹی کے جملہ امور کو باقاعدہ متعلقہ مارکیٹوں کی نمائندہ تنظیموں کی مشاورت سے انتہائی ٹھوس اور موثر بنایا جائیگا، اس موقع پر تاجر برادری نے رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی اقدامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔
Load Next Story