عالمی کتب میلے میں تقاریب اور مقابلوں کا اہتمام آج آخری دن ہے

کوئز،کلرنگ مقابلے،ڈرا،تعارفی تقاریب،سیمینار،اسٹوری ٹیلنگ اوربائیوگرافی کاانعقاد

9 ویں عالمی کتب میلے میںویلکم بک پورٹ کے اسٹال پر صوبائی سینئر وزیر تعلیم نثار کھوڑو اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، اصغر زیدی، عزیز خالد اور اویس مرزا کھڑے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت ''نویں عالمی کراچی کتب میلے'' کا آج آخری دن ہے۔

کتب میلہ اپنی رونقوں کے ساتھ پیرکو ختم ہوگا کتب میلے کے چوتھے روز اتوارکوعام تعطیل کے سبب کتابوں سے دلچسپی رکھنے والوں اورعلم سے محبت کرنے والوں کا ہجوم امڈآیا ایکسپو سینٹر میں پارکنگ کی جگہ دستیاب نہ رہی،کتب میلے میں شرکت کیلیے آنے والوں کی طویل قطار لگی ہوئی تھی جن میں بچے ، نوجوان، خواتین اور بوڑھے موجود تھے، اتوارکو زیادہ تر شہری اہل خانہ کے ہمراہ کتب میلے میں پہنچے تھے چوتھے روز پبلشرز کی جانب سے کوئز مقابلے کا انعقاد اور''لکی ڈرا'' کرایا گیا جس میں بچوں نے بھی حصہ لیا ،بچوں کی درسی کتب کے معروف اسٹالز کا نجی اسکولوں کے مالکان اور انتظامیہ کے افراد نے دورہ کیا،کتب میلہ پبلشرزکے لیے نجی اسکولوں میں اپنا نصاب متعارف کروانے کا اہم ذریعہ بن چکا ہے، لبرٹی بکس، گابابکس، چلڈرن بکس اور ٹرنکی پبلشرز کے اسٹالز پر سی ڈیز کی ریکارڈ فروخت دیکھنے میں آئی۔




چوتھے دن ''ایکٹیوٹی ایریا'' میں فیضِ مشتاق ایجوکیشن فائونڈیشن نے''شادی اور اسلام'' اور''تربیت اولاد میں والدین کا کردار'' کے موضوع پر تقاریب منعقد کیں، لٹریچر کمیٹی انفارمیشن ڈپارٹمنٹ نے ''فلاسفی آف لو'' کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا جس میں رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل نے شرکت کی، آکسفورڈ یورنیورسٹی پریس کی جانب سے اسٹوری ٹیلنگ کا پروگرام منعقد کیا گیا، پیرا مائونٹ پبلشرز نے کوئز اور کلرنگ کا مقابلہ کروایا اور بچوں میں انعامات تقسیم کیے، ٹرو کلز آف اسلام کی جانب سے سیمینار منعقد کیا گیا،گو ہر پبلشرز نے کوئز اورڈرائنگ کے مقابلے کروائے جس میں بچوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی،اٹلانٹس پبلے کیشن کی جانب سے ''میری کہانی''کے نام سے آٹو بائیوگرافی کا پروگرام منعقد کیا گیا،چوتھے دن فاطمہ ثریا بجیہ، سحر انصاری،انوار احمد زئی،عمران چشتی،انظار زیدی،حیدر علی کے ساتھ جامعات کے اساتذہ نے کتب میلے کا دورہ کیا۔
Load Next Story