سفاک بھارتی فوج نے 12 سالہ کشمیری بچے کو گاڑی تلے کچل دیا

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج  نے احتجاج کرنے والے 12 سالہ بچے کو فوجی ٹرک تلے روندتے ہوئے قتل کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کپواڑا میں نوجوان کشمیریوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہرہ جاری تھا، اس دوران جارحیت پسند قابض بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔

بہادر کشمیری قابض بھارتی فوج کے لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ، ہوائی فائرنگ اور ربڑ کی گولیوں کو سہتے رہے لیکن احتجاج بزور طاقت ختم کرنے پر راضی نہ ہوئے جس پر طیش میں آکر فوجی ٹرک نے مظاہرین کو روند ڈالا۔

فوجی ٹرک کے پہیوں تلے آنے پر 12 سالہ بچہ فرحان احمد شیر گوجری شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا تاہم دوران علاج بچہ زیادہ خون بہہ جانے کے باعث چل بسا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ بھارتی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 20 سے تجاوز کر گئی ہے، ان نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ماورائے عدالت قتل کیا گیا تھا۔