وزیر اعظم انتخابی وعدے بتدریج پورے کر رہے ہیں ماروی

قرض لینے والوں کو تربیت بھی دینگے، سابقہ دور میں ریکارڈ کرپشن کی گئی،پریس کانفرنس

حیدرآباد : وزیراعظم یوتھ بزنس لون پروگرام کی چیف کو آرڈینیٹر ماروی میمن پریس کانفرنس کر رہی ہیں ۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے الیکشن سے قبل جو وعدے کیے، وہ بتدریج پورے کیے جا رہے ہیں،وزیراعظم یوتھ بزنس لون بھی اس کی کڑی ہے۔

یہ بات وزیراعظم یوتھ بزنس لون پروگرام کی چیف کو آرڈینیٹر ماروی میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے یہ قرضہ اسکیم متعارف کرائی گئی ہے، جس سے نیا کاروبار شروع کرنے والے اور پرانے کاروباری افراد مستفید ہوسکیں گے، ہر ماہ قرعہ اندازی سے15 ہزار درخواست دہندگان کو قرضہ دیا جائے گا، جس کے لیے انتہائی شفافیت کو سامنے رکھتے ہوئے تمام قواعد و ضوابط پورے کیے جائیں گے،اس اسکیم سے ملکی معیشت کو فروغ ملے گا، وزیر اعظم یوتھ لون اسکیم کے تحت قرض لینے والوں کو ٹریننگ بھی دی جائیگی۔ وزیر اعظم کے حکم پر قرضہ لینے والوں کی وی وی آئی پی طور پر مدد کی جائے گی۔




ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 برسوں میں کرپشن انتہا کو پہنچ گئی تھی لیکناب کرپشن میں کمی آئی ہے، ماروی میمن کا کہنا تھا کہ یہ قرضہ بلدیاتی الیکشن میں فائدہ و کامیابی کیلیے نہیں بلکہ یہ وزیراعظم نے الیکشن کے دوران جو وعدے کیے تھے، ان کی تکمیل ہے۔ ایسے مزید 4 پروگرام کا مریم نواز جلد اعلان کریں گی، ان کے لون بھی میر ٹ پر ہی دیے جائیں گے، لون لینے والوں کی ماہرین، بینک افسران اور پی ایم ایل این کے رہنماؤں سمیت صوبائی اور وفاقی ادارے بھی مانیٹرنگ کریں گے۔ ماروی میمن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کے لیے بینکوں سے جاری ہونیوالے فارمز کے علاوہ فوٹو اسٹیٹ اور انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کیے جانیوالے فارمز بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب اسکیم کے فارمز کی فراہمی شروع ہوگئی، جس کیلیے لطیف آباد نمبر 8 میں واقع نیشنل بینک اور دیگر برانچوں سے فارمز کے حصول کیلیے شہریوں کی طویل قطاریں لگی رہیں۔
Load Next Story