جونیئرہاکی ورلڈ کپ پاکستان کیلیے فیصلے کی گھڑی آ گئی

کوارٹر فائنل کی امیدبرقراررکھنے کیلیے آج بیلجیئم پر7-2سے کامیابی درکار

ٹیم کے اب 3 پوائنٹس ہیں اور اسے کوارٹر فائنل تک رسائی کیلیے بیلجئیم کوبھاری مارجن سے ہرانا ہوگا۔ فوٹو:فائل

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کیلیے فیصلے کی گھڑی آ گئی،کوارٹر فائنل کی امید برقراررکھنے کیلیے منگل کو بیلجیئم پر7-2سے کامیابی درکارہو گی۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں جاری جونیئرورلڈ کپ میں پاکستان نے پہلے میچ میں مصر کو سنسنی خیز مقابلے میں3-2سے شکست تو دے دی لیکن پھرجرمنی کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں6 گول سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،اس کے بعد ٹیم کے اب 3 پوائنٹس ہیں اور اسے کوارٹر فائنل تک رسائی کیلیے بیلجئیم کوبھاری مارجن سے ہرانا ہوگا، پاکستان کوآخری پول میچ میں سینٹر فارورڈ ارسلان قادرکی خدمات بھی حاصل نہیں ہوں گی، جرمنی کیخلاف فائول کی پاداش میں انھیں2میچز کیلیے معطل کردیا گیا ہے۔




میگا ایونٹ میں بیلجیئم کی ٹیم اب تک ناقابل شکست ہے، پہلے میچ میں اس نے جرمنی جبکہ دوسرے میں مصر کو زیر کیا۔ منگل کوگروپ اے میں پہلا میچ جرمنی اور مصر کے درمیان کھیلا جائے گا،گروپ سی میں ہالینڈ اورکینیڈا جبکہ بھارت اور کوریا کا سامنا ہو گا۔دوسری جانب گذشتہ روز پول بی میں ارجنٹائن نے اسپین کو دلچسپ مقابلے کے بعد 1-0 سے شکست دی، مقابلے کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف کے 46 ویں منٹ میں مینوئل نکولس نے فیلڈ گول کے ذریعے ٹیم کو برتری دلا دی جو آخر تک قائم رہی۔ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے فرانس کو باآسانی 2-0 سے ہرایا، دونوں گول دوسرے ہاف میں بنے، فاتح ٹیم نے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ملائیشیا نے انگلینڈ کو 2کے مقابلے میں 4گول سے زیر کیا۔ پہلے ہاف تک فاتح ٹیم کو2-1کی برتری حاصل تھی۔
Load Next Story