پرال کے ڈائریکٹرز اور مینجمنٹ بورڈز کی تشکیل نو

چیئرمین ایف بی آر کی زیرصدارت پرال بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس میں منظوری دی گئی

چیئرمین ایف بی آر کی زیرصدارت پرال بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس میں منظوری دی گئی۔ فوٹو: فائل

ایف بی آر نے پرال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور بورڈ آف مینجمنٹ کی تشکیل نو کی منظوری دیدی ہے۔


''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق یہ منظوری چیئرمین ایف بی آر اور پرال بورڈ کے سربراہ طارق باجوہ کی زیرصدارت پرال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس کے منٹس پر مشتمل دستاویز کے مطابق ایف بی آر میں ممبر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نام سے قائم کیے جانے والے نئے عہدے کو بھی پرال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبرز میں شامل کرلیا گیا ہے، پرال کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ چیئرمین ایف بی آر ہونگے جبکہ ممبران میں ایف بی آر کے ممبر کسٹمز، ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن، ممبر ایڈمن، ممبر لیگل، ممبر اسٹریٹجک پلاننگ اینڈ اسٹیٹسٹکس، ممبر ہیومن ریسورس مینجمنٹ، ممبر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پرال شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے پرال کے مینجمنٹ بورڈ کی بھی منظوری دیدی گئی ہے، مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین سی ای او پرال ہونگے جبکہ ممبران میں جنرل منیجر ڈیولپمنٹ اور جنرل منیجر فنانس ہونگے جبکہ سی ای او پرال کے اسپیشل اسسٹنٹ (ایس اے) مینجمنٹ بورڈ کے سیکریٹری کے طور پر فرائض سرانجام دیں گے، اس کے علاوہ پرال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایک خصوصی ایگزیکٹو مینجمنٹ کمیٹی (ای ایم سی) بھی قائم کردی ہے۔
Load Next Story