شاہ بھٹائی کا عرس انتظامات مکمل سیکیورٹی کے لیے ہزاروں اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ

26 مقامات پر کلوز سرکٹ کیمرے اور 18 چوکیاں قائم کی جائیں گی،میلے کے تینوں روز بھٹ شاہ میں دفعہ 144 نافذ رہے گی

بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ایمرجنسی ٹیمیں بھی 24 گھنٹے الرٹ رکھنے کا فیصلہ، کمشنر کی زیر صدارت متعلقہ افسران کا اجلاس۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کا سہ روزہ 270 واں عرس 18 دسمبر سے شروع ہو گا جس میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔


2 ہزار پولیس و رینجرز اہلکار بھٹ شاہ، قومی شاہراہ پر تعینات کیے جانے کے ساتھ ساتھ 26 مقامات پر کلوز سرکٹ کیمرے اور 18 پولیس چوکیاں قائم کی جا رہی ہیں، جبکہ شہر میں داخل ہونے والے مرکزی راستے پر بھی چیک پوسٹ قائم کی جا رہی ہے، عرس کے دوران بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ایمرجنسی ٹیمیں بھی24گھنٹے بھٹ شاہ میں موجود رہیں گی۔ میلے کے دوران بھٹ شاہ شہر میںدفعہ 144 نافذ بھی نافذ رہے گی۔ یہ فیصلہ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد جمال مصطفی سیدکی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی حیدرآباد اکرم بروکا، ڈپٹی کمشنر مٹیاری فیاض حسین عباسی، ایس ایس پی امجد شیخ، منظور احمد کناسرو، پیر آف بھٹ شاہ مظہر شاہ نازن سائیں سمیت تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈویژنل کمشنرکو انتظامات کی تفصیلی بریفنگ دی گئی، عرس کے موقع پر محکمہ ثقافت کی شائع کردہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے حوالے سے 5 کتب کی تقریب رونمائی بھی ہو گی۔محکمہ اوقاف نے بتایا کہ درگاہ کی خوبصورتی اور سجاوٹ کا کام 3 روزمیں مکمل ہو جائے گا، علاوہ ازیں زائرین کے لیے لنگرو دیگر ضروری انتظامات بھی مکمل ہیں۔ اجلاس کو ایس ایس پی مٹیاری نے حفاظتی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ تمام صورتحال کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ کمشنر عرس کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے بتایا کہ عرس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وہ خود بھی بھٹ شاہ کا دورہ کر چکے ہیں۔
Load Next Story