سیکیورٹی صورتحال آئی سی سی نے بنگلہ دیش سے رپورٹ طلب کرلی

سیاسی کشیدگی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے لیے خطرہ بننے لگی، کرکٹ بورڈ کا اعتراف

بی سی بی نے تسلیم کیاکہ سیاسی کشیدگی ورلڈ ٹوئنٹی 20کیلیے خطرہ بن رہی ہے۔

KARACHI:
بنگلہ دیش کی بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کا آئی سی سی نے نوٹس لے لیا، کرکٹ بورڈ سے حالات کے بارے میں جامع رپورٹ فوری طور پر جمع کرانے کی ہدایت کردی۔


بی سی بی نے تسلیم کیاکہ سیاسی کشیدگی ورلڈ ٹوئنٹی 20کیلیے خطرہ بن رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چٹاگانگ میں بم دھماکے کے بعد ویسٹ انڈیز کی انڈر 19 ٹیم کے اچانک ٹور ادھورا چھوڑ کر وطن واپس لوٹ جانے سے آئی سی سی بھی چونک گئی، اس نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ملکی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر رپورٹ بھیجے، ترجمان کا کہنا ہے ہم بنگلہ دیشی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے اور ایک بار پھر یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ایونٹ کے شرکا کی سیکیورٹی کو سب سے ہی مقدم رکھیں گے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی اس بات کو تسلیم کرلیا کہ اگر صورتحال بہتر نہیں ہوئی تو پھر ان کی ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی میزبانی خطرے میں پڑسکتی ہے۔

اب تک ہونے والے خونی مظاہروں میں 74 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، ملک کے طول و عرض میں ہر جگہ ہی کشیدگی پائی جاتی اور ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ سال کے آغاز میں شیڈول انتخابات تک حالات میں بہتری کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔ بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہاکہ اگر موجودہ سیاسی صورتحال برقرار رہی تو پھر بڑے ٹورنامنٹس اور اس میں اہم ٹیموں کی شرکت خطرے میں پڑسکتی ہے،اس کشیدگی کا رواں ماہ یا پھر جنوری کے شروع میں خاتمہ ہوجانا چاہیے، جتنی جلد حالات بہتر ہوں اتنا ہی بہترہوگا، ہمیں سال کے آغاز میں سری لنکا کی میزبانی کرنا ہے جبکہ اس کے بعد یہاں ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی20 ہونے ہیں، اس لیے ہمیں جلد بہتری کا کوئی راستہ نکالنا ہوگا۔ نظم الحسن نے مزید کہاکہ میں کئی مرتبہ سیاسی پارٹیزکو حالات کی نزاکت سے آگاہ کرچکا، اب ایک پھر ان سے درخواست کرتا ہوں کہ احتجاج کو پُرامن بنائیں ۔
Load Next Story