آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی بھارت منتقلی کا امکان

شیڈول کے مطابق انعقاد دشوار ہو جائے گا، کونسل کو صورتحال میں بہتری کی توقع

شیڈول کے مطابق انعقاد دشوار ہو جائے گا، کونسل کو صورتحال میں بہتری کی توقع۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش میں سیکیورٹی صورتحال بہتر نہ ہونے پر آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی بھارت منتقلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، اس صورت میں مقابلوں کا انعقاد شیڈول کے مطابق ہونا دشوار ہوگا۔


تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی میلہ آئندہ سال مارچ،اپریل میں سجنا ہے، مگر میزبان بنگلہ دیش کی خراب صورتحال کے سبب انعقاد پر سوالیہ نشان لگ چکا، ذرائع کے مطابق اگر معاملات قابو میں نہ آئے تو ایونٹ کو بھارت منتقل کر دیا جائیگا، قبل ازیں وینیوز کی تیاری میں تاخیر پر بھی کوکس بازار میں شیڈول میچز کولکتہ شفٹ کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی، مگر منتظمین نے یہ مسئلہ حل کر لیا تھا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر ٹیموں کی تشویش پر کونسل کو ایونٹ بھارت منتقل کرنا پڑا تو مارچ میں آغاز مشکل ہو سکتا ہے، کم وقت میں میگا ایونٹ کے انتظامات کرنا انتہائی دشوار ہو گا، اس ضمن میں پاکستان کی مثال سامنے ہے، 2008 میں یہاں سے چیمپئنز ٹرافی جب منتقل کی گئی تو 3ماہ باقی تھے، اس کے باوجود ایونٹ کو آئندہ برس تک ملتوی کرنا پڑا تھا۔ دوسری جانب آئی سی سی کو اب بھی امید ہے کہ بنگلہ دیش میں صورتحال جلد معمول پر آ جائے گی کیونکہ وہاں دہشت گردی نہیں سیاسی معاملات کے سبب کشیدگی ہے۔ دریں اثنا رابطے پر کونسل کے ترجمان نے کہا کہ ایونٹ کو بھارت منتقل نہیں کیا جارہا۔
Load Next Story