لیاری گینگ وار کے کارندوں نے پھربھتے کی پرچیاں بھیجنا شروع کردیں

"بروز پیر کی شام 6 بجے تک 2 لاکھ روپے کی ادائیگی ہو جانی چاہیے اور اگر نہیں دیئے تو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے"

فوٹو : فائل

لیاری گینگ وار کے کارندوں نے ایک بار پھر سے اولڈ سٹی ایریا میں اپنی موجودگی کا احساس دلانا شروع کر دیا۔

کھارادر کے علاقے اولڈ سٹی ایریا میں بھتہ خور گروپ نے ڈرائی فروٹ اور دال چاول کا کاروبار کرنے والے 2 دکانداروں کو بھتے کی پرچیاں بھیج دیں ،بھتے کی پرچیوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے پر تاجروں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔


ایس ایچ او کھارادر احسن ذوالفقار نے بتایا کہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایک شخص سائیکل پر اکیلا آیا تھا جس نے ایک بھتے کی پرچی جس پر 2 لاکھ روپے بھتہ لکھا تھا ڈرائی فروٹ اور بھتے کی دوسری پرچی جس پر ایک لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا دال چاول کے دکاندار کو تھما کر فرار ہوگیا ، ڈرائی فروٹ کے مالک کو 2 لاکھ روپے بھتے کی جو پرچی دی گئی ہے اس میں لکھا ہے کہ '' گزارش ہے کہ آپ ہماری درخواست پر عمل کرینگے۔

بروز پیر کی شام 6 بجے تک 2 لاکھ روپے کی ادائیگی ہو جانی چاہیے اور اگر نہیں دیئے تو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے ، دکان بند کرنے سے پہلے شام 6 بجے پیسے کاغذ کی تھیلی میں رکھ کر شاپر میں ڈال کے اپنی کار کے پاس چھوڑ جانا ہمارے آدمی تمھیں واچ کر رہے ہیں۔

واجا گینگ '' ،دوسری جانب کھارادر پولیس نے کاغذی بازار میں بھتہ نہ دینے پر زیر تعمیر عمارت کے باہر ہوائی فائرنگ اور انٹرنیشنل نمبر سے کال کر کے بھتہ طلب کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
Load Next Story