امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمیسٹے بازوں کو کروڑوں روپے کا نقصان

ڈالرکی قیمت 80 پیسے گھٹ کر107.1 پر آگئی،چندروز کے دوران روپے کی3فیصدریکوری

وزارت خزانہ کے سخت اقدامات سے ان سٹے بازوں اور برآمدکنندگان کی امیدوں پر پانی پھرگیا ہے۔فوٹو:فائل

وفاقی وزیرخزانہ کی بینکوں کو وارننگ دیے جانے کے نتیجے میں بدھ کواوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر 80 پیسے کی مزید کمی سے 107.10 روپے ہوگئی جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ریٹ 42پیسے گھٹ کر 107روپے 34پیسے ہوگئے۔

واضح رہے کہ امریکی ڈالر کی قدر 110.4 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی بلکہ 111 روپے میں بھی ڈالر نہیں مل رہا تھا تاہم چند دنوں میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3 روپے30 پیسے (2.98فیصد) تک گرچکی ہے۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ وزارت خزانہ کی ہدایات کے مطابق تجارتی بینکوں نے اگر ڈالر سٹے بازی ختم کرتے ہوئے انٹربینک میں ڈالر کی قدرمیں بتدریج کمی کرتے رہے تو اس کے مثبت اثرات اوپن کرنسی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوں گے اوروفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا امریکی ڈالر کی قیمت 98 روپے کی سطح تک لانے کا وعدہ پورا ہوجائے گا۔




انہوں نے بتایا کہ ایکس چینج کمپنیوں نے انٹربینک ریٹ میں یومیہ 20 تا25 پیسے کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈالر کی قدر میں مستقل کمی کی حکمت عملی وضع کرلی ہے، وزارت خزانہ کے سخت اقدامات سے ان سٹے بازوں اور برآمدکنندگان کی امیدوں پر پانی پھرگیا ہے جو ڈالر کی قدرکو115 روپے تک پہنچانے کے خواب دیکھ رہے تھے اور اپنی برآمدی آمدنی کی ملک میں ترسیل کا عمل روکے ہوئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی کا رحجان غالب ہونے سے گزشتہ دو دنوں کے دوران ڈالر میں سٹے بازی کرنے والوں کوکروڑوں روپے مالیت کے نقصانات سے دوچار ہونا پڑا ہے اور وہ اپنے نقصانات کی مالیت کو کم سے کم رکھنے کے لیے اوپن مارکیٹ میں تیز رفتاری کے ساتھ امریکی ڈالر فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو بھی امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہوگی، امکان ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید گھٹ کر106.75 روپے کی سطح پر آ جائے گی۔
Load Next Story