’’بوم بوم‘‘ آفریدی نے ایک بار پھر دھوم مچا دی

سری لنکا کیخلاف ناقابل شکست39 رنز بنا کر 5بالز قبل ٹیم کو146 کے ہدف تک رسائی دلائی،ایک وکٹ لینے کے ساتھ کیچ بھی تھاما

آل راؤنڈر شاہد آفریدی پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کو فتح دلانے کےبعد خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔فوٹو:گیٹی امیجز/کرک انفو

پہلے ٹوئنٹی20 انٹرنیشنل میں شاہدآفریدی کی آل رائونڈ کارکردگی نے پاکستان کو 3 وکٹ سے سرخرو کرا دیا۔

انھوں نے سری لنکا کیخلاف ناقابل شکست39 رنز بنا کر 5بالز قبل ٹیم کو146 کے ہدف تک رسائی دلائی، اس سے قبل آفریدی نے ایک وکٹ لینے کے ساتھ کیچ بھی تھاما تھا، وہ مختصر طرز میں ایک ہزار رنز بنانے اور 50 وکٹیں لینے والے پہلے کرکٹر بھی بن گئے، شرجیل خان34 اور کپتان محمد حفیظ32 رنز بنانے میں کامیاب رہے، مالنگا نے 3 وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے مہمان ٹیم نے5وکٹ پر 145 رنز بنائے، انجیلو میتھیوز نے50 رنز کی اننگز کھیلی، سعید اجمل نے کمار سنگاکارا کو اپنی400 ویں انٹرنیشنل وکٹ بنایا، اسپنر اور سہیل تنویر نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میںگرین شرٹس کو فتح کیلیے146 رنز کا ہدف ملا، جلد ہی اوپننگ جوڑی ٹوٹ گئی، جب احمد شہزاد(4) نے سچترا سینا نائیکے کی باہر جاتی ہوئی گیند کو کور کی جانب اچھالا مگر تھریمانے راستے میں حائل ہوگئے، انھوں نے گول کیپر کے انداز میں بائیں جانب چھلانگ لگائی اور وہ گرائونڈ پر گرنے سے قبل گیند کو اپنے ہاتھ میں دبوچ چکے تھے، شرجیل خان نے 31 بالز پر 3 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے۔

انھوں نے تشاراپریرا کی گیند کو لانگ آن کی جانب اچھالا جہاں دلشان نے دوسری کوشش میں گیند کو قابو کیا،اگلے اوور میں محمد حفیظ نے مینڈس کی گیند کو ایک گھٹنے کے بل بیٹھ کر لیگ سائیڈ کی جانب سوئپ کرنے کی کوشش کی مگر گیند فرنٹ پیڈ سے لگی، امپائر نے تھوڑا سوچنے کے بعد انگلی اٹھادی، 76 کے مجموعی اسکور پر ہی چوتھی وکٹ بھی گرگئی جب مینڈس کی گیند صہیب نے واپس ان کی جانب اچھالی وہ بولر کی انگلیوں سے چھوتی ہوئی نان اسٹرائیک اسٹمپس سے جاٹکرائی اس وقت عمر اکمل (5)کریز سے باہر تھے، تھرڈ امپائر سے مشاورت کے بعد انھیں رن آئوٹ قرار دے دیا گیا،96 رنز پر عمر امین رخصت ہوگئے، لسیتھ مالنگا کی گیند پر چندیمل نے مڈ آف پر عمدگی سے کیچ کیا، انھوں نے 8 رنز بنائے۔صہیب مقصود(13) مالنگا کے ہتھیار 'سلو یارکر' پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، شاہد آفریدی نے اپنی اننگز کے دوران ٹوئنٹی 20 میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے اور 50 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔




بلاول بھٹی ( 10) مالنگا کی گیند پر پریرا کے ہاتھوں کیچ ہوئے، ایک اینڈ پر ڈٹے ہوئے آفریدی نے نوان کولاسیکرا کو آخری اوور کی پہلی گیند پر چھکا رسید کرکے پاکستان کو ہدف تک پہنچا دیا، انھوں نے 20 بالز پر ناٹ آئوٹ 39 رنز بنائے، اس میں تین چھکے اور 2 چوکے شامل رہے، مالنگا نے تین وکٹیںلیں۔ قبل ازیں پاکستان آغاز میں ہی سری لنکن ٹیم کو چوٹ پہنچانے میں کامیاب رہا،دوسرے اوور کی آخری گیند پر ڈینجر مین تلکارتنے دلشان صرف 7 رنز بناکر رخصت ہوگئے، سہیل تنویر کی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں وہ پوائنٹ پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ ہوئے، کوشل پریرا اور کپتان دنیش چندیمل اسکور کو 41 تک لے گئے، اس سے قبل کہ یہ جوڑی خطرناک روپ دھارتی سعید اجمل نے اپنی جادوگری دکھائی، ان کی گھومتی ہوئی گیند پریرا کے فرنٹ فٹ پر لگی،ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل پر امپائر کی اٹھتی انگلی نے مہر تصدیق ثبت کردی۔

پریرا نے 15 رنز بنائے۔ شاہد آفریدی نے اپنے اوور کی پہلی گیند پر چندیمل کو ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین واپس روانہ کردیا، وہ 22 بالز پر اتنے ہی رنز بنا پائے جس میں تین چوکے بھی شامل تھے، کمار سنگاکارا نے خود ہی اپنی وکٹ عطیہ کرکے سعید اجمل کی 400 انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کیں، انھوں نے کریز سے باہر آتے ہوئے ایکسٹرا کور کی جانب کھیلنا چاہا مگر شارٹ کور پر شاہد آفریدی کو کیچ دے بیٹھے۔ اس موقع پر انجیلو میتھیوز اور لاہیرو تھریمانے نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 58 رنز جوڑ کر اسکور کو 142 تک پہنچایا، آخری اوور کی پہلی گیند پر میتھیوز نے سہیل تنویر کو چوکا جڑ کر ففٹی مکمل کی، مگر اگلی گیند پر مڈ وکٹ کی جانب چھکا جڑنے کی کوشش میں بائونڈری پر شرجیل خان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، انھوں نے 34 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکے اور ایک چھکا جڑا۔ تھریمانے 23 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، سہیل تنویر اور سعید اجمل نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
Load Next Story