صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن چئیر مین کی تقرری کیلیے تیاریاں شروع

سابق وفاقی وزیرڈاکٹرعاصم حسین کے نام پر غور کیا جا رہا ہے، کمیشن کی فعالیت کی سمری محکمہ تعلیم نے وزیراعلیٰ کو بھجوادی

تعلیمی حلقوں میں لابنگ کا سلسلہ جاری ہے، سرکاری و نجی جامعات کے چانسلرز اور وائس چانسلرز کی چیئرمین بننے کی کوششیں تیز.فوٹو: فائل

GILGIT:
حکومت سندھ نے صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کو فعال کرنے اورچیئرمین کمیشن کی تقرری کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کوفعال کرنے کیلیے محکمہ تعلیم نے سمری وزیراعلیٰ کوارسال کردی، چیئرمین صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے عہدے پر تقرری کے لیے تعلیمی حلقوں میں لابنگ کا سلسلہ جاری ہے،سرکاری و نجی جامعات کے چانسلرز اور وائس چانسلرز نے چیئرمین بننے کی کوششیں تیز کردی ہیں، ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت اس عہدے پر سابق وفاقی وزیر پٹرولیم اورضیا الدین میڈیکل یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹرعاصم حسین کے نام پر غورکررہی ہے اورڈاکٹرعاصم حسین کوچیئرمین اعلیٰ تعلیمی کمیشن مقررکیے جانے کے روشن امکانات ہیں، ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کوفعال کرنے کے سلسلے میں بھجوائی گئی سمری میں چیئرمین کمیشن کیلیے ''ڈاکٹریٹ پی ایچ ڈی''کی شرط عائد نہیں کی گئی ہے۔




چیئرمین کمیشن کے عہدے کی مدت 4سال رکھی گئی ہے اورسمری کی منظوری کی صورت میں کسی بھی غیرپی ایچ ڈی ماہرتعلیم کو4سال کیلیے چیئرمین بورڈکے عہدے پر تعینات کیاجاسکتاہے تاہم تعلیمی افسرکاکہناتھاکہ حکومت سندھ نے چیئرمین صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے عہدے کیلیے مجوزہ نام کی منظوری سندھ کابینہ کے اجلاس سے لینے کابھی فیصلہ کیاہے واضح رہے کہ سندھ کی سطح پر اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی فعالیت کے بعدسندھ کی سرکاری جامعات کے تمام فنڈزوفاقی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے بجائے صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے تحت جاری کیے جائیں گے جبکہ وفاقی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے تمام تراختیارات صوبے کی سطح پرسرکاری جامعات میں صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن استعمال کرے گا۔
Load Next Story