تاجروصنعتکاردھمکیوں کی شکایت بلاخوف درج کرائیںشاہدحیات

کراچی آپریشن سے جرائم کم ہوئے،دباؤکاسامنا نہیں،ایڈیشنل آئی جی،تھانے کاافتتاح

سپر ہائی وے صنعتی علاقے کیلیے قائم کردہ علیحدہ تھانے میں مطلوبہ نفری اور موبائل سمیت دیگر سہولتیں 30 دسمبر سے قبل فراہم کردی جائینگی. فوٹو : پی پی آئی

قیام امن کے اقدامات پر کسی دباؤ کا سامنا نہیں ہے اور نہ ہی تبادلے کا علم ہے۔

یہ بات حقیقت ہے کہ کراچی میں مدتوں سے حالات میں بگاڑ پیدا کیے گئے جس پر قابو پانے کے لیے محکمہ پولیس درست سمت پر ایکشن لے رہی ہے، سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے جرائم پیشہ عناصر کی فہرست جلد ہی حکومت کو پیش کردی جائے گی۔ یہ بات ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہدحیات نے جمعرات کوسائٹ سپرہائی وے ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے قائم ہونے والے علیحدہ پولیس اسٹیشن کی افتتاحی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ شہرکوجرائم سے پاک کرنے کے لیے موجودہ حکمت عملی جاری رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ 5 ستمبر 2013 کے بعد سے ٹارگٹ کلنگز، بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔




سائٹ سپر ہائی وے صنعتی علاقے کیلیے قائم کردہ علیحدہ تھانے میں مطلوبہ نفری اور موبائل سمیت دیگر سہولتیں 30 دسمبر سے قبل فراہم کردی جائینگی اور تھانے کی حدودکو صرف ایک ڈی آئی جی کے ماتحت کردیا جائیگا، ضرورت اس امر کی ہے کہ تاجرو صنعتکار بلاخوف وخطرملنے والی دھمکیوں کی شکایات کااندارج کرائیں تاکہ مجرموں کے خلاف ٹھوس کارروائی کی جاسکے۔ ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ 3 ماہ قبل بھتہ خوری 638ودیگر واقعات کی شکایات موصول ہوئی تھیں، اب شکایات کی تعدادگھٹ کر 430 ہوچکی ہے۔

جبکہ لیاقت نیشنل اسپتال کے ڈاکٹرز کو موصول ہونے والی ٹیلی فون کالز اور رقم ساؤتھ افریقہ کے کسی بینک میں جمع کرانے کی دھمکیوں میں ملوث مجرموں کا گینگ برسٹ کر کے ایک ملزم کوپکڑلیا گیا ہے، مختلف تھانوں میں درج بھتہ خوری کی 170 ایف آئی آ رمیں سے 55 فیصد کوبھی حل کرلیا گیاہے۔ شاہد حیات نے کہا کہ محکمہ پولیس صحیح سمت کی جانب گامزن ہے اور اگر موجودہ عمل جاری رہا تو کراچی کے حالات میں مزید بہتری آئے گی۔ سائٹ سپرہائی ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید علی غوری نے کہا کہ سائٹ سپرہائی وے تھانے کے قیام سے صنعتی علاقے میں امن وامان کی صورتحال مزید بہترہوجائیگی،سائٹ سپرہائی وے صنعتی علاقے کو 2 حصوں میں تقسیم کیے جانے کے بجائے ڈی آئی جی ویسٹ کی حدود اور نگرانی میں دے دیا جائے۔ اس موقع جمشید چاندی، شہنشاہ عالم، چوہدری ریاض، شاہین الیاس سروانہ اور اعلی پولیس افسران بھی موجودتھے۔
Load Next Story