جرمنی کراچی میں ’ٹریڈاینڈانویسٹمنٹ کانفرنس‘منعقد کریگا

حکمت عملی بنالی،جرمن کمپنیاں اورسرمایہ کاربڑی تعداد میں شرکت کریں گے

جی ایس پی پلس سے پاکستانی برآمدات بڑھیں گی،جرمن ڈپٹی ہیڈمشن،کراچی چیمبرکادورہ

جرمنی نے پاکستان میں تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کراچی میں سال2014 کے وسط میں ''ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس'' منعقدکرنے کی حکمت عملی وضع کرلی ہے جس میں جرمن کمپنیوں کے علاوہ پاکستان میں سرمایہ کاری اورجوائنٹ وینچرزکے خواہش مند جرمن سرمایہ کار بھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

یہ بات جرمنی کے قونصل اینڈ ڈپٹی ہیڈ آف مشن ہنس جورگن پاشلے نے کراچی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پرکہی۔ ہنس جورگن پاشلے نے بتایا کہ مذکورہ کانفرنس سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے وہ آئندہ ہفتے جرمنی جارہے ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کو پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا باعث قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ پرامید ہیں کہ ''ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس'' کے انعقاد سے دونوں ملکوں کے تاجروں کو قریب آنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے پاکستان کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حصول میں جرمنی کے کردار کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستان کو یورپی یونین کے لیے تجارتی حجم میں اضافے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔




انہوں نے پاکستان کے 110رکنی وفد کے رواں سال اکتوبر میں جرمنی کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ برلن اور میونچ کے دورے کے موقع پر پاکستانی وفد کی مختلف اجلاسوں میں شرکت اوربزنس ٹو بزنس میٹنگز دونوں ملکوں کے لیے سود مند ثابت ہو نگی۔ انہوں نے پاکستانی تاجروں کو ویزے کے حصول میں حائل دشواریوں کو دور کرنے کی بھی یقین دہائی کرائی اور کہاکہ ترجیحی بنیاد پر ویزوں کے اجرا کاعمل جاری رکھا جائے گا۔

کراچی چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر مفسر عطا ملک نے کہاکہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دیرینہ سفارتی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے جرمنی کی جانب سے متبادل توانائی کے شعبے میں پاکستان کی مالی مدد کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ بات بھی قابل تحسین ہے کہ جرمن سرمایہ کار پورٹ قاسم پر آئرن وکول برتھ پر40ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سے حلال فوڈز، ڈیری مصنوعات، ٹیکسٹائل، کاٹن اور دیگر مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔ اس موقع پرنائب صدر محمد ادریس، سابق نائب صدر شمیم احمد فرپو،منیجنگ کمیٹی کے اراکین عبدالجبار دلال، نوید فاروقی،آصف بیگا، پرویز اشفاق، محمد علی، ظفر سعید باغپتی،آغا شہاب، سلوات افضل اور شیخ ارمان و دیگر بھی موجود تھے۔
Load Next Story